زمین سے خلا تک اے آئی کی دوڑ، اسپیس ایکس کو بڑی اجازت مل گئی

زمین سے خلا تک اے آئی کی دوڑ، اسپیس ایکس کو بڑی اجازت مل گئی

مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جن کے ذریعے خلائی ڈیٹا سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وفاقی کمیشن برائے مواصلات (ایف سی سی) نے اسپیس ایکس کے مجوزہ ’اسٹار مائنڈ‘ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنی نے رواں سال کے آغاز میں زمین پر موجود بھاری مقدار میں ڈیٹا کی پروسیسنگ کے لیے 10 لاکھ تک آربیٹل کمپیوٹنگ ماڈیولز خلا میں بھیجنے کی اجازت طلب کی تھی۔

ایف سی سی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی کمپیوٹنگ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا نام خلا تک پہنچ گیا، ثمر ہارون نے ذیشان علی کی تاریخی کامیابی کو نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دے دیا

منظوری کے تحت اسپیس ایکس کو نومبر 2033 تک سیٹلائٹس کی تعیناتی شروع کرنا ہوگی، جبکہ نومبر 2035 تک مجموعی تعداد کے کم از کم 10 فیصد یعنی ایک لاکھ سیٹلائٹس اور نومبر 2038 تک 50 فیصد سیٹلائٹس خلا میں پہنچانا ہوں گے۔

ڈیٹا سینٹرز کو مصنوعی ذہانت کے نظام کی بنیادی ضرورت سمجھا جاتا ہے، تاہم انہیں چلانے کے لیے بڑی مقدار میں بجلی درکار ہوتی ہے۔ اسپیس ایکس کے مطابق خلا میں موجود سیٹلائٹس تقریباً مسلسل دستیاب شمسی توانائی استعمال کر سکیں گے، جس سے بجلی اور دیکھ بھال کے اخراجات کم ہونے کے ساتھ زمین پر ڈیٹا سینٹرز کے ماحولیاتی اثرات بھی محدود کیے جا سکیں گے۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ کمپنی واقعی 10 لاکھ سیٹلائٹس خلا میں بھیجے گی یا نہیں۔ اس وقت خلا میں مجموعی طور پر تقریباً 17 ہزار سیٹلائٹس موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق بعض سیٹلائٹ آپریٹرز اپنے منصوبوں میں تبدیلی کی گنجائش برقرار رکھنے کے لیے اصل ضرورت سے زیادہ سیٹلائٹس کی منظوری بھی حاصل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھین:اب اسٹیکرز کیساتھ آواز بھی بھیج سکیں گے! واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

اسپیس ایکس نے اپنے اسٹار لنک نیٹ ورک کے لیے بھی ابتدا میں 42 ہزار سیٹلائٹس کی منظوری مانگی تھی، تاہم اس وقت اس نیٹ ورک میں 11 ہزار سے کچھ زیادہ سیٹلائٹس موجود ہیں۔

اس منصوبے کی کامیابی کا ایک اہم انحصار اسپیس ایکس کے زیرِ تیاری دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹ ’اسٹار شپ‘ پر بھی ہے، جس کے ذریعے کمپنی سیٹلائٹس خلا میں پہنچانے کے اخراجات کم کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب ایمازون کے سیٹلائٹ یونٹ ’لیو‘ سمیت دیگر کمپنیوں نے اس منصوبے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹس خلا میں بھیجنا انتہائی مشکل ہوگا اور اس عمل میں غیر معمولی طویل وقت لگ سکتا ہے۔ تاہم ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار مارچ میں ان اعتراضات کو مسترد کر چکے ہیں۔

editor

Related Articles