بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور فلم ’ایٹھا‘ کے گانے کی شوٹنگ کے دوران بھاری گھنگھرو پہن کر مسلسل رقص کرنے کے باعث انجری کا شکار ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز لکشمن اتریکر نے فلم کے گانے ’جی جی رے جی‘ کی رونمائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شردھا کپور کی محنت اور پیشہ ورانہ لگن کے بارے میں اہم انکشاف کیا۔
فلم میں شردھا کپور معروف فنکارہ وتھابائی بھاؤ مانگ نارائن گاؤں کر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کردار کے لیے انہوں نے مہاراشٹر کے روایتی رقص ’تماشا‘ اور ’لاوانی‘ کی خصوصی تربیت حاصل کی۔
فلم ساز کے مطابق اداکارہ نے ہر گانے کے لیے تقریباً 25 دن تک ریہرسل کی۔ وہ روزانہ 8 گھنٹے تک 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر رقص کی مشق کرتی تھیں، جس کے باعث ان کے پاؤں سوجھ جاتے تھے۔
لکشمن اتریکر نے بتایا کہ گانے کی شوٹنگ کا پہلا دن معمول کے مطابق گزرا، تاہم دوسرے روز شردھا کے پٹھوں میں شدید کھچاؤ پیدا ہوگیا، جس کے باعث شوٹنگ روکنا پڑی۔ بعد ازاں اداکارہ کو صحت یابی کے لیے ایک ماہ کا وقفہ دیا گیا، جس کے بعد گانے کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی گئی۔