کینیڈا کی معروف پاس ورڈ مینجمنٹ کمپنی ون پاسورڈ پر سائبر حملے نے صارفین کی معلومات کے تحفظ سے متعلق نئے خدشات پیدا کردیے۔ ہیکرز نے کمپنی کے ایک ملازم کا گٹ ہب اکاؤنٹ ہائی جیک کرکے اندرونی نظام تک رسائی حاصل کی اور صارفین کے انتظامی ریکارڈ کا ایک حصہ چوری کرلیا۔
کمپنی کے مطابق اس سائبر حملے میں بعض صارفین کے نام، ای میل پتے اور اکاؤنٹس سے متعلق دیگر معلومات حاصل کی گئیں تاہم صارفین کے پاس ورڈ محفوظ رکھنے والے انکرپٹڈ والٹس تک حملہ آور رسائی حاصل نہیں کرسکے۔
ون پاسورڈ نے جاری بیان میں بتایا کہ 19 نومبر کو ملازم کے گٹ ہب اکاؤنٹ پر غیر مجاز کنٹرول کے شواہد سامنے آئے تھے جس کے بعد فوری طور پر تحقیقات شروع کردی گئیں۔
ملازم کا اکاؤنٹ ہیک کرکے حملہ
کمپنی کے مطابق حملہ آوروں نے ملازم کے ہائی جیک کیے گئے اکاؤنٹ کو استعمال کرتے ہوئے بیک اینڈ سرورز میں نقصان دہ کوڈ داخل کیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں صارفین کے انتظامی ریکارڈ کا ایک حصہ ڈاؤن لوڈ کرلیا گیا۔
ہیکرز نے کمپنی کے نجی سورس کوڈ کی نقول بھی حاصل کیں اور سافٹ ویئر کی تیاری اور اجرا کے نظام تک رسائی حاصل کی۔
ون پاسورڈ نے بتایا کہ حملے کے بعد متاثرہ نظام میں موجود اسناد تبدیل کردی گئی ہیں تاکہ مزید غیر مجاز رسائی کا خطرہ کم کیا جاسکے۔
صارفین کو دھوکا دہی سے خبردار کردیا
کمپنی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس سے متعلق کسی بھی غیر متوقع ای میل، پیغام یا فون کال پر محتاط رہیں۔
چوری شدہ معلومات کو استعمال کرکے ہیکرز صارفین کو جعلی پیغامات بھیج سکتے ہیں یا ان سے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اگرچہ انکرپٹڈ والٹس تک رسائی حاصل نہیں کی جاسکی، تاہم صارفین کے ناموں اور ای میل پتوں کا افشا ہونا بھی سائبر دھوکا دہی اور فشنگ حملوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔