کے پی ٹی پر درآمدی گندم کے جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ رومانیہ سے آنے والا بحری جہاز ایم وی ینگ ژی الفا 54 ہزار 821 ٹن گندم لے کر کراچی پورٹ کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا ہے، جہاں جہاز کو برتھ کردیا گیا ہے۔
درآمدی گندم کی جہاز سے اَن لوڈنگ جلد شروع کی جائے گی، جبکہ سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم اٹھانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ فلور ملز کو بھی پورٹ سے براہ راست درآمدی گندم اٹھانے کی اجازت دے دی گئی ہے تاکہ گندم کی ترسیل کا عمل تیز کیا جاسکے۔
محکمہ خوراک سندھ نے کراچی کی تمام فلور ملز کو درآمدی گندم کی 5 ہزار بوریاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خوراک نے درآمدی گندم سے تیار ہونے والے آٹے کا ایکس مل نرخ 138 روپے فی کلو مقرر کردیا ہے اور فلور ملز کو اسی مقررہ نرخ پر آٹا فروخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی درآمدی گندم کراچی کی فلور ملز کو منتقل کرنے کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے۔ 54 ہزار 821 ٹن گندم کی نئی کھیپ پہنچنے سے سندھ میں سرکاری گندم کی دستیابی اور فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
محکمہ خوراک سندھ کے اقدامات کا مقصد مارکیٹ میں گندم کی فراہمی بہتر بنانا، آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔ درآمدی گندم کی مسلسل آمد کے باعث صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔