پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر نے بھارتی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، بعض صارفین نے مقبول کردار کو ثقافتی اور سیاسی سازش سے جوڑ دیا، جس پر پاکستانی صارفین نے دلچسپ طنزیہ تبصرے شروع کردیے۔
ڈرامے میں ابوبکر امان کا کردار اداکار شہریار منور ادا کر رہے ہیں۔ ان کی شائستگی، نرم مزاجی اور دوسروں کے ساتھ مہربان رویے نے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔ ڈرامے کی مقبولیت پاکستان تک محدود نہیں رہی بلکہ بھارت میں بھی بڑی تعداد میں لوگ اسے پسند کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں ڈرامے کی اقساط دیکھنے کے لیے چھوٹی چھوٹی محفلیں بھی منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں مداح اکٹھے بیٹھ کر اسے دیکھتے ہیں اور اس کے لیے رقم بھی ادا کرتے ہیں۔
تاہم ڈرامے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے دوران بھارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اوجس بھنڈاری نامی صارف نے ابوبکر کے کردار کے حوالے سے متعدد دعوے کیے۔ انہوں نے ڈرامے کی کہانی کو مبینہ ثقافتی اور سیاسی سازش سے جوڑنے کی کوشش کی، جس پر پاکستانی صارفین نے ان کے دعووں کو بے بنیاد اور خیالی قرار دیا۔
اس بحث نے اس وقت دلچسپ رخ اختیار کیا جب پاکستانی صارفین نے طنزیہ انداز میں ردعمل دینا شروع کردیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اب تو ابوبکر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گیا ہے، جبکہ دوسرے نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامے کا اختتام بھی خراب کردیا گیا ہے، ابوبکر آخر میں بھارت پر بمباری کرے گا۔
ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ آخر ایک ڈرامے کے فرضی کردار سے اس قدر عدم تحفظ کیوں محسوس کیا جا رہا ہے؟
یوں پاکستانی ڈرامے کے ایک مقبول کردار پر شروع ہونے والی بحث سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا موضوع بن گئی ہے۔ دوسری جانب ’درِ نجات‘ پاکستان کے ساتھ بھارت اور دیگر جنوبی ایشیائی ناظرین میں بھی اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔