پاکستان اور چین نے تیل و گیس کی سمندری تلاش، معدنیات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کر لیا ہے، جبکہ وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے چینی کمپنیوں کو آف شور منصوبوں میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی جس میں اپ اسٹریم، آف شور، معدنیات، کان کنی اور ڈاؤن اسٹریم توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ پیش رفت چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے حال ہی میں شینزن میں منعقدہ ایپیک 2026 اجلاس میں بیان کردہ ترجیحات کے تسلسل میں سامنے آئی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری پالیسی ظفر عباس اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد احمد چیمہ بھی شریک تھے، جبکہ چینی سفیر کی معاونت ان کی تجارتی ٹیم نے کی۔ فریقین نے توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں انقلابی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔
بلوچستان اور سمندری وسائل کی ترقی
مذاکرات کے دوران اپ اسٹریم تیل و گیس کی تلاش، سمندری وسائل کی ترقی، معدنیات کی کھوج، کان کنی اور اسٹریٹجک توانائی ڈھانچے کے قیام سمیت وسیع تر تعاون کا احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر خاص طور پر بلوچستان میں سرمایہ کاری کے پوشیدہ مواقع سے فائدہ اٹھانے اور ابھرتے ہوئے آف شور منصوبوں بشمول مربوط سمندری مراکز کے قیام پر زور دیا گیا۔
قومی اداروں اور چینی کمپنیوں کی اسٹرٹیجک شراکت داری
اجلاس کا ایک مرکزی نکتہ پاکستان اسٹیٹ آئل کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے ذریعے چینی ڈاؤن اسٹریم کمپنیوں کی پاکستان میں آمد اور ان کے کاروبار کی توسیع تھا۔ پیٹرولیم ذخیرہ کرنے کی سہولیات، ٹرمینلز اور وسیع تر ڈاؤن اسٹریم ڈھانچے کے مواقع پر غور کرتے ہوئے پی ایس او کو پاکستان کے توانائی نظام میں چینی سرمایہ کاری کے لیے کلیدی تجارتی شراکت دار قرار دیا گیا۔
مزید برآں، اس رابطے کے نتیجے میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ سمیت ملک کے سرکردہ قومی توانائی ادارے اور چین کے اپ اسٹریم و ڈاؤن اسٹریم ادارے یکجا ہوں گے تاکہ توانائی کی مکمل ویلیو چین میں تجارتی طور پر پائیدار شراکت داری قائم کی جا سکے۔
حکومتی سطح پر دو فوری ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی
دونوں ممالک نے حکومتی سطح پر فوری عملدرآمد کے لیے دو ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں پہلا منصوبہ مائع پیٹرولیم گیس یعنی ایل پی جی پلانٹ اور اس سے منسلک اسٹوریج و ٹرمینل سہولیات کا قیام ہے، جس کا مقصد مقامی رسد میں اضافہ، صاف ایندھن تک رسائی کو وسعت دینا اور سردیوں کے عروج کے دنوں میں گیس کی قلت کو کم کرنا ہے۔
دوسرا اہم منصوبہ موٹر گیسولین یعنی پیٹرول کی درآمد ہے جس میں خریداری، ذخیرہ اندوزی اور لاجسٹکس شامل ہیں تاکہ ایندھن کے تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے اور مسابقتی نرخوں پر مستحکم فراہمی یقینی ہو۔ توقع ہے کہ ان دونوں اقدامات سے صارفین اور ملکی معیشت کو فوری اور نمایاں ثمرات حاصل ہوں گے۔
پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کی یقین دہانی
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پیٹرولیم کے شعبے میں بتدریج ڈی ریگولیشن، سرمایہ کار دوست پالیسیوں، درآمد و برآمد کے آسان طریقہ کار اور بہتر سیکیورٹی انتظامات کے ذریعے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کو بدلنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چینی وفد کو یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے، ان کے سرمائے کے تحفظ اور طویل المدتی کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’پاکستان کے توانائی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں بے پناہ غیر استعمال شدہ صلاحیت موجود ہے اور ہماری ترجیح اس صلاحیت کو ٹھوس سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پائیدار معاشی مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم توانائی کی منڈی کو زیادہ شرکت اور مسابقت کے لیے کھولتے ہوئے ایک شفاف، سہولت کار اور محفوظ سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
چین کی تکنیکی قوت، صنعتی مہارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت جب پاکستان کے قدرتی وسائل سے ملے گی تو یہ دونوں قوموں کے لیے دیرپا فائدہ مند شراکت داری قائم کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کرے گی، ہم اب محض بات چیت کے بجائے فیصلہ کن طور پر عملی نفاذ کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔‘
یہ اہم پیشرفت چین کے شہر شینزن میں 18 اور 19 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والے 33 ویں ایپیک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کے چند روز بعد سامنے آئی ہے، جو ’مشترکہ خوشحالی کے لیے ایشیا بحرالکاہل برادری کی تعمیر‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوا اور جس میں کھلے پن، جدت اور تعاون کو ترجیح دی گئی۔
پاک چین توانائی شراکت داری درحقیقت اسی وژن کی عکاسی کرتی ہے جہاں نئے سرمایہ کاروں کے لیے کھلی منڈیاں، چینی ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت اور عملی تعاون پاکستان کے وسائل کو خطے کی وسیع تر ترقی سے جوڑ رہا ہے۔
پاکستان اس وقت توانائی کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور مقامی ذخائر میں کمی جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہے، ایسے میں پیٹرولیم کے شعبے میں ڈی ریگولیشن اور چینی کمپنیوں کی شمولیت ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔
خصوصاً پی ایس او اور او جی ڈی سی ایل جیسے بڑے قومی اداروں کا چینی کمپنیوں کے ساتھ براہ راست اشتراک نہ صرف تکنیکی مہارت کی منتقلی کا باعث بنے گا بلکہ ایل پی جی اور پیٹرول کی سپلائی چین بہتر ہونے سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور صارفین کو سستے ایندھن کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔