پاکستان اور بھارت بھی بال ٹیمپرنگ کرتے تھے؟ عثمان خواجہ کا تہلکہ خیزبیان

پاکستان اور بھارت بھی بال ٹیمپرنگ کرتے تھے؟ عثمان خواجہ کا تہلکہ خیزبیان

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس دور میں پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقا سمیت کئی ٹیمیں گیند کی حالت سے چھیڑ چھاڑ کرتی تھیں۔

پوڈکاسٹ پروگرام ’دی گریڈ کرکٹر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ 2018 میں عالمی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کو بعض ٹیموں میں معمول کی بات سمجھا جاتا تھا اور آسٹریلوی ٹیم میں بھی اس حوالے سے زیادہ حساسیت نہیں رہی تھی۔

خواجہ کے مطابق کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم میں بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب کیمرون بینکرافٹ سینڈ پیپر لے کر میدان میں جانے والے تھے تو انہوں نے انہیں روکنے کے بجائے صرف احتیاط کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران گیند کا غیر معمولی انداز میں سوئنگ ہونا امپائرز کی توجہ حاصل کرسکتا تھا

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ میں اسٹارز کی اجارہ داری ختم؟ اب نوجوان کھلاڑیوں کی باری

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب ’صبر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں پر بھی بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی ریورس سوئنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بیٹنگ کرنا انتہائی مشکل ہوتا تھا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف میچز کے دوران بھی انہوں نے گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے اس کی حالت میں تبدیلی کی کوششیں دیکھی تھیں، تاہم انہوں نے ان الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس تفصیلات یا شواہد پیش نہیں کیے۔

خواجہ کے مطابق اس دور میں استعمال ہونے والی پرانی کوکابورا گیندوں کی ساخت ایسی تھی کہ ان کی بیرونی تہہ جلد متاثر ہوجاتی تھی، جس سے ریورس سوئنگ حاصل کرنا نسبتاً آسان ہوجاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:فٹبال کی دنیا کا ایک عہد ختم، کرسٹیانو رونالڈو انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا۔ اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

عثمان خواجہ کے حالیہ بیانات نے کرکٹ کے حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقا سے متعلق ان کے دعوے آزادانہ طور پر ثابت نہیں ہوئے۔

editor

Related Articles