واشنگٹن اور تہران کے درمیان خفیہ مذاکرات کی تصدیق؟ امریکی ایلچی جیرڈ کشنر نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

واشنگٹن اور تہران کے درمیان خفیہ مذاکرات کی تصدیق؟ امریکی ایلچی جیرڈ کشنر نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

امریکی ایلچی جیرڈ کشنر نے ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے پر عسکری کارروائی سمیت تمام آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔

 

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جیرڈ کشنر نے معروف جرمن صحافی میتھیاس ڈوفنر کے پوڈ کاسٹ ’ایم ڈی میٹس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال اور امریکی خارجہ پالیسی پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ایرانی بحران کے حل کے لیے نائب صدر جے ڈی وینس کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں۔

 

عسکری کارروائی اور صدر ٹرمپ کی حکمت عملی

پوڈ کاسٹ کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا واشنگٹن ایران کے خلاف مزید کسی عسکری کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، تو جیرڈ کشنر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ’صدر ٹرمپ ہمیشہ اپنے تمام آپشنز میز پر کھلے رکھتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا کشیدگی کا واحد حل سفارتکاری ہے،ترکیہ کے صدر اردوان کا ٹرمپ سے رابطہ،مذاکرات پر زور

 

ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے پر انتہائی سنجیدہ اور پوری طرح توجہ مرکوز کیے ہوئےہیں۔ انہوں نے اس بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جو تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔

 

ایرانی نمائندوں سے براہ راست ملاقاتوں کا انکشاف

سفارتی محاذ پر ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے جیرڈ کشنر نے تصدیق کی کہ ان کی ایرانی حکام سے ایک سے زیادہ مرتبہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

 

انہوں نے اس حوالے سے مختصر مگر معنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ایرانیوں کے ساتھ چند بار ملاقاتیں کی ہیں‘۔ تاہم انہوں نے ان ملاقاتوں کے مقام، وقت یا ایجنڈے کی مزید تفصیلات ظاہر کرنے سے گریز کیا۔

 

انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یورپی ممالک ایران کے حوالے سے امریکی مؤقف کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں، تو جیرڈ کشنر نے یورپ کے طرز عمل پر مایوسی کا اظہار کیا۔

 مزید پڑھیں:

ایران امریکا مذاکرات میں امید کی کرن، مگر امن کے دشمن بھی سرگرم ہیں، پاک فوج

انہوں نے کہا کہ ’یورپی ممالک امریکا سے مطالبات اور توقعات تو بہت زیادہ رکھتے ہیں‘۔ کشنر نے مزید واضح کیا کہ ایرانی صورتحال پر یورپ کا اب تک کا ردعمل انہیں بالکل بھی متاثر نہیں کر سکا اور واشنگٹن اس معاملے میں زیادہ ٹھوس اقدامات کی توقع رکھتا ہے۔

 

واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے، جس میں جوہری پروگرام، علاقائی اثر و رسوخ اور اقتصادی پابندیاں بنیادی نکات رہے ہیں۔

ماضی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ اور پس پردہ سفارتی رابطوں کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اعلیٰ امریکی شخصیات کی جانب سے براہ راست ملاقاتوں کا اعتراف غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کی کوششیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرآج ایران کا دورہ کریں گے ،پوری دنیا کی نظریں دورہ پر لگ گئیں

 

موجودہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے ایک طرف مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنا اور دوسری طرف عسکری آپشنز کی دھمکی برقرار رکھنا دراصل دباؤ اور سفارت کاری کی ملی جلی پالیسی کا حصہ دکھائی دیتا ہے۔

نائب صدر جے ڈی وینس اور جیرڈ کشنر جیسے بااثر افراد کا اس عمل میں براہ راست شامل ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وائٹ ہاؤس اس مسئلے کو اولین ترجیح دے رہا ہے۔

ساتھ ہی یورپی اتحادیوں پر تنقید اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ واشنگٹن تہران کے خلاف عالمی محاذ پر اپنے شراکت داروں سے محض بیانات کے بجائے عملی تعاون چاہتا ہے۔

Related Articles