پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی براہِ راست سائننگ کا سنسنی خیز مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
لیگ کی 8 میں سے 6 فرنچائزز نے دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں کو بھاری معاوضوں پر اپنے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے، جبکہ 2 فرنچائزز نے اس مرحلے سے دور رہنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ اس مرحلے کے سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے، جنہیں راولپنڈیز نے ریکارڈ 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن کیا ہے۔
کس فرنچائز نے کس اسٹار کو کتنے میں خریدا؟
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق براہِ راست سائننگ کے اس مرحلے میں آسٹریلیا کے میتھیو شارٹ سب سے مہنگے کھلاڑی رہے جنہیں راولپنڈیز نے ریکارڈ 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
دوسرے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز لوکی فرگوسن کی خدمات 7 کروڑ 63 لاکھ روپے میں حاصل کیں، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ ہی کے فاسٹ بولر میٹ ہینری سے 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا۔
اسی طرح لاہور قلندرز نے سری لنکن آل راؤنڈر کامندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں سائن کیا، کراچی کنگز نے انگلش لیگ اسپنر عادل رشید پر 6 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے، اور ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کا منفرد فیصلہ
دوسری جانب دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے براہِ راست سائننگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں فرنچائزز اب کھلاڑیوں کی ریٹینشن (برقرار رکھنے)، تبادلوں اور آئندہ ہونے والی نیلامی کے ذریعے اپنے حتمی اسکواڈ تشکیل دیں گی۔
نیلامی، سیلری کیپ اور اہم قواعد پر ایک نظر
پی سی بی قوانین کے تحت ہر فرنچائز کو صرف ایسے ایک غیر ملکی کھلاڑی سے معاہدے کی اجازت تھی جو پی ایس ایل کے دسویں اور گیارہویں ایڈیشن کا حصہ نہ رہا ہو ، فرنچائزز براہِ راست سائن کیے گئے کھلاڑی سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی، جس کی حتمی تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
تمام 7 کھلاڑی برقرار رکھنے والی ٹیم کو پچھلی نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری کا ایک کھلاڑی لازمی طور پر واپس نیلامی پول میں ریلیز کرنا ہوگا ، پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی باقاعدہ نیلامی 23 جنوری 2027 کو منعقد ہوگی۔
ہر ٹیم کے لیے بنیادی سیلری کیپ 45 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، تاہم نئی براہِ راست سائننگ کرنے یا پچھلے سیزن کی سائننگ برقرار رکھنے والی فرنچائزز کی حد 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک بڑھ سکتی ہے ، تمام ٹیموں کے لیے کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا ،
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا بارہواں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جس کا شاندار افتتاحی میچ پشاور میں ہوگا، جبکہ مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔