ایک طرف پاکستانی ڈراموں اور مواد کے بائیکاٹ کی باتیں، دوسری جانب بھارتی گلوکارہ کے نئے گانے کا پاکستانی لوک گیت سے موازنہ، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
پاکستانی لوک موسیقی کا معروف گیت ’سمی میری وار‘ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کے نئے گانے کی ریلیز کے بعد صارفین نے اس کی دھن اور انداز کا موازنہ پاکستانی گیت سے کرنا شروع کردیا، جبکہ بعض افراد نے پاکستانی موسیقی کی نقل کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
’سمی میری وار‘ ایک روایتی پاکستانی لوک گیت ہے جسے مختلف ادوار میں کئی گلوکار اپنی آواز دے چکے ہیں۔ تاہم نئی نسل میں اس گیت کو خاص مقبولیت قرت العین بلوچ اور عمیر جسوال کی کوک اسٹوڈیو پاکستان میں پیش کی گئی پرفارمنس سے ملی۔ تقریباً ایک دہائی قبل ریلیز ہونے والی یہ پیشکش آج بھی موسیقی کے شائقین میں مقبول ہے۔
اب تلسی کمار کا نیا گانا ٹی سیریز کے تحت ریلیز ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے اس کا موازنہ ’سمی میری وار‘ سے شروع کردیا۔ کئی صارفین نے گانے کی دھن اور انداز میں مماثلت کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستانی لوک موسیقی سے متاثر ہوکر یہ گانا تیار کیا گیا ہے؟
یہ بحث ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں پاکستانی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز روکنے کے مطالبات بھی سامنے آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر پر بھی بعض بھارتی حلقوں کی جانب سے پروپیگنڈے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
تلسی کمار کے گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ ایک طرف پاکستانی ڈراموں اور مواد کے بائیکاٹ کی باتیں کی جاتی ہیں، تو دوسری جانب پاکستانی موسیقی سے مشابہ گانے کیسے سامنے آرہے ہیں؟
ایک اور صارف نے سوال کیا کہ دوسروں کے کام کی نقل کے الزامات کا سامنا کرنے والے گلوکاروں کے خلاف وہ حلقے آواز کیوں نہیں اٹھاتے جو پاکستانی مواد کے بائیکاٹ کی حمایت کرتے ہیں؟
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ چاہے جتنا بھی بائیکاٹ کرلو، آخرکار موسیقی تو پاکستانی ہی نقل کرنی ہے۔ واضح رہے کہ گانے کی نقل کا الزام فی الحال سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لگایا گیا ہے۔ دھن کی مماثلت اور اس الزام کی باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔