قیامِ پاکستان سے اب تک سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو خراجِ تحسین، نئی ڈاکومنٹری میں قومی تاریخ کے اہم سنگِ میل پیش۔
پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے سفر پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری ’ستاروں سے آگے‘ جاری کردی گئی ہے، جس میں 1947 سے شروع ہونے والے سائنسی سفر، قومی عزم، تحقیق اور جدت کی داستان بیان کی گئی ہے۔
ڈاکومنٹری میں پاکستان کی سائنسی ترقی کے اہم تاریخی مراحل، نامور سائنس دانوں کی خدمات اور محدود وسائل کے باوجود مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس میں جوہری ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں پاکستان کی پیش رفت کو بھی نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں کام کرنے والی شخصیات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
طلبہ میں پاکستانی خلاباز کے خلائی سفر پر جوش و خروش
ڈاکومنٹری کے ساتھ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے خلائی سفر کی جھلکیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ خبر کے مطابق ان کے تاریخی مشن کو ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا، جہاں طلبہ نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔
بلوچستان، گوجرانوالہ، پشاور، سوات اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں کے طلبہ نے اس موقع پر بھرپور جوش و خروش دکھایا۔ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، کوٹلی اور میرپور میں بھی طلبہ نے اس خلائی سفر پر خوشی منائی۔
’ستاروں سے آگے‘ کے ذریعے پاکستان کے سائنسی سفر اور کامیابیوں کو نئی نسل کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ ڈاکومنٹری نوجوانوں کو تحقیق، تعلیم اور سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کا پیغام بھی دیتی ہے۔