کراچی میں عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور گزشتہ 18 سال کی کارکردگی کا حساب مانگ لیا۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہری نے کہا کہ تین ہٹی میں عمارت گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جو سندھ حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے .
شہری نے سوال اٹھایا کہ ایس بی سی اے (SBCA) سمیت جن اداروں کی ذمہ داری تھی، انہوں نے کام دیکھ کر کیوں نہیں کروایا؟ عمارت میں انتہائی خطرناک میٹیریل استعمال کیا گیا، وہاں ابھی درست طریقے سے رہائش بھی شروع نہیں ہوئی تھی، اسے بنے ابھی چند سال یا مہینے بھی نہیں بلکہ صرف پانچ چھ دن ہوئے تھے اور اس کا یہ حال ہو گیا۔
انتظامی یونٹس کی حمایت
شہری نے نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی یونٹس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتظامی یونٹ کی بات اس لیے کر رہے ہیں کہ ہمارے جو کام ہوں گے بالکل صحیح طریقے سے ہوں گے۔ اس میں ایمانداری ہوگی، اس میں پیسہ نہیں ہوگا۔ ابھی کیا ہے؟ ہم نقشہ پاس کرانا چاہیں، وہ نقشے کے 50 ہزار روپے دو، لاکھ روپے دو، نقشہ پاس ہو جاتا ہے، ہر چیز میں رشوت ہے، ہر چیز میں رشوت ہے، جو کام آپ کو کروانا ہے رشوت سے کروا لیں ، کہ اسی وجہ سے انتظامی یونٹ کی بات کی جا رہی ہے تاکہ کام ایمانداری اور درست طریقے سے ہوں اور ان میں پیسے کا عمل دخل نہ ہو۔
پیپلزپارٹی اربوں کا حساب دے ؟
ایک اور شہری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انتظامی یونٹ کا مقصد یہ ہے کہ کراچی کے ڈومیسائل اور پی آر سی (PRC) والے مقامی افراد آگے آئیں، کیونکہ ان کے بقول کراچی کے ڈومیسائل کو کوئی اہمیت اور عزت نہیں دی جاتی .
انہوں نے پیپلز پارٹی کی 18 سالہ کارکردگی کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پیپلز پارٹی سے چھٹکارا چاہیے، 22 ہزار ارب روپے آپ کو ملے ہیں، 22 ہزار ارب میں آپ نے کیا کیا ہے؟ ۔
ان کاکہنا تھا کہ سندھ کو 50 دفعہ اگر مسمار کر دیا جائے اور دوبارہ پھر سندھ کو بنایا جائے تو 22 ہزار ارب اتنے ہوتے ہیں کہ اس میں بن جائے۔شہری نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے مزید کہا کہ اب بیوقوف بنانا بند کیا جائے، انتظامی امور پر بات ہو، کراچی کو صوبہ بنایا جائے اور عوام کی جان چھوڑی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کراچی اور عوام کی آواز ہے، کاروبار کی مناسبت اور سہولیات کے پیش نظر صوبے بننے چاہئیں تاکہ ٹوٹے پھوٹے روڈز اور دیگر مسائل حل ہوں اور عوام کو کسی بھی طرح کی سہولت مل سکے۔
شہریوں نے سندھ حکومت کو واضح پیغام دیدیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی 18 سالہ ناکام پالیسیوں اور کھوکھلے دعوؤں سے عوام اب تنگ آ چکے ہیں اور انہیں مزید دھوکے میں نہیں رکھا جا سکتا ، اب وقت آ گیا ہے کہ کھربوں روپے کے حساب کتاب کے ساتھ عملی اقدامات کیے جائیں، نئے انتظامی یونٹ اور کراچی کو صوبہ بنا کر مقامی عوام کو ان کے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات دی جائیں، تاکہ شہر کا ٹوٹا پھوٹا انفراسٹرکچر بحال ہو اور شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے۔