سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں ایک انتہائی کامیاب اور فیصلہ کن انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیو جاری کرنے والے انتہائی مطلوب خوارجی سرغنہ خمیم عرف راؤف خیبری کو اس کے تین ساتھی دہشت گردوں سمیت جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارجی خمیم عرف راؤف خیبری نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک بزدلانہ اور دھمکی آمیز ویڈیو نشر کر کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے اور ملک کا امن خراب کرنے کے ناپاک عزائم کا اظہار کیا تھا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس خوارجی کی کمین گاہ کا سراغ لگایا اور باڑہ میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے اسے چاروں شانے چت کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا خوارجی راؤف خیبری سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں سمیت دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے انتہائی مطلوب تھا۔ سیکیورٹی فورسز کی اس برق رفتار اور کاری ضرب نے نہ صرف باچا خان ایئرپورٹ پر حملے کے ناپاک منصوبے کو خاک میں ملا دیا ہے بلکہ فتنہ الخوارج کے نیٹ ورک کی کمر بھی توڑ دی ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور فتنہ الخوارج کے بچے کھچے عناصر اور سہولت کاروں کے مکمل صفایا کرنے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ حکام نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ ملک کا امن تباہ کرنے کی دھمکیاں دینے والے ہر خارجی کا انجام عبرتناک موت ہے اور آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے و پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی یہ فیصلہ کن کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔