پیٹرول سستا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 5 فیصد کمی کا اعلان

پیٹرول سستا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 5 فیصد کمی کا اعلان

ملک میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کیلئے ایک اور خوشخبری آگئی ، گڈز ٹرانسپورٹ نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کردیاہے۔ 

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ 

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 20 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔  انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے براہِ راست پاکستانی عوام کو فائدہ پہنچتا ہے ،  امید ہے وزیراعظم پاکستان پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔  

ملک شہزاد اعوان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جائے ، دسمبر اور اگست کی ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ 

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنے کی تیاری، سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت متوقع

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔  پاکستان کی معیشت، صنعت و تجارت میں گڈز ٹرانسپورٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات وفاقی حکومت نے مسلسل دوسرے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے کمی کی ہے ، پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 318 روپے سے کم ہوکر 314 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 353 روپے سے کم ہوکر 348 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

editor

Related Articles