پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کی ریلیز سے پہلے ہی بھارتی حلقوں میں مخالفت شروع، آل انڈیا سینی ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھارت میں سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی ڈرامہ سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ اپنی ریلیز سے پہلے ہی سرحد پار موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ مومنہ درید کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز میں معروف پاکستانی فنکار شامل ہیں، جبکہ اسے پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز قرار دیا جا رہا ہے۔
سیریز کے مداح اس کی ریلیز کے منتظر ہیں، تاہم بھارتی حلقوں کی جانب سے اس کی نمائش روکنے کی کوششوں کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سیریز کی ریلیز میں ایک سال سے زائد عرصے تک تاخیر ہوئی، جبکہ نیٹ فلکس کے جنوبی ایشیائی امور کے حوالے سے بھارت میں قائم دفتر کے باعث بھی مشکلات پیش آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بعد ازاں سیریز کی ریلیز کے لیے نیٹ فلکس کے مشرقِ وسطیٰ کے دفتر کے ذریعے راستہ نکالا گیا۔
اب آل انڈیا سینی ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی اس سیریز کی بھارت میں ریلیز پر پابندی عائد کی جائے۔
اس مطالبے پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے طنزیہ تبصرے کیے، جبکہ بعض بھارتی صارفین نے بھی پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فلمی اور ڈرامائی منصوبوں کا مقابلہ پابندیوں کے بجائے بہتر مواد تیار کرکے کرنا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ اگر پاکستانی سیریز پر پابندی کی بات کی جارہی ہے تو پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچز کیوں کھیلے جاتے ہیں، جن سے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کو مالی فائدہ ہوتا ہے؟
ایک اور صارف نے کہا کہ یہ سیریز ایک رومانوی کہانی پر مبنی ہے، اس لیے اسے بھارت مخالف مواد قرار دینا سمجھ سے باہر ہے۔
سیریز کے کاسٹ ممبر عمیر رانا نے بھی اس معاملے پر مزاحیہ انداز میں ردعمل دیا۔
یوں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے پہلے ہی اس کے گرد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں ایک طرف مداح سیریز کے منتظر ہیں تو دوسری جانب بھارت میں اس کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔