بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے تابڑ توڑ حملے، بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ کے 12 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے تابڑ توڑ حملے، بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ کے 12 دہشتگرد ہلاک

 سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 4 روز کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ ’فتنہ الہندوستان‘ کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کی جانب سے 26 نومبر 2026 کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، انسداد دہشت گردی کی جاری مہم کے تسلسل میں 20 نومبر سے بلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سلسلہ وار کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

 نوشکی میں شدید جھڑپ، 8 دہشتگرد ہلاک

 آئی ایس پی آر کے مطابق 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

 سبی، پنجگور اور کیچ میں کامیاب کارروائیاں

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا راستہ روکا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ’فتنہ الہندوستان‘ کے مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:دہشتگردوں کا شکار جاری، سکیورٹی فورسز کی غضبناک کارروائیوں میں ایک ہی روز 15 خوارج جہنم واصل

 اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو ضلع پنجگور اور ضلع کیچ میں دو دیگر الگ الگ جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور بھارتی سرپرستی یافتہ گروہ کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

 وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت مہم جاری رکھنے کا عزم

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر قائم وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی کی یہ بے رحم مہم پوری رفتار کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔

 بلوچستان میں حالیہ عرصے کے دوران غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی ایما پر سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے امن و امان کو سبوتاژ کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں دیکھی گئی ہیں، جن کے تدارک کے لیے ریاست نے وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت فیصلہ کن اقدامات کا آغاز کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ 3 میں بڑی کامیابی، نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد جہنم پارسل

 نوشکی سے لے کر مکران ڈویژن کے اضلاع پنجگور اور کیچ تک بیک وقت کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اس امر کا بین ثبوت ہیں کہ سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس نیٹ ورک انتہائی مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔

 دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی اور ان کی نقل و حرکت کو بروقت روکنے سے نہ صرف تخریب کاری کے بڑے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں بلکہ صوبے میں ریاستی رٹ اور عوامی تحفظ کے احساس کو بھی مزید تقویت ملی ہے۔

Related Articles