نہ انجینئرنگ کی ڈگری، نہ تعمیر کا کوئی تجربہ، صرف ایک خواب اور پتھروں سے محبت، فرانسیسی ڈاکیے نے اپنی زندگی کے 33 سال لگا کر ایسا محل تعمیر کردیا جو آج دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
فرانس کے ایک عام ڈاکیے فرڈیننڈ شیوال کی غیر معمولی کہانی اپریل 1879 میں شروع ہوئی، جب وہ روزانہ کی طرح ڈاک تقسیم کرنے کے لیے پیدل سفر کر رہے تھے۔ اسی دوران ان کا پاؤں ایک عجیب و غریب پتھر سے ٹکرایا۔ پتھر کی منفرد شکل نے انہیں اس قدر متاثر کیا کہ ان کے ذہن میں ایک ایسا محل تعمیر کرنے کا خیال پیدا ہوا جو عام عمارتوں سے بالکل مختلف ہو۔
اس ایک پتھر نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ فرڈیننڈ نے اگلے 33 برس تک اپنے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مسلسل محنت کی۔ وہ روزانہ تقریباً 20 میل پیدل چل کر ڈاک تقسیم کرتے اور راستے میں ملنے والے خوبصورت پتھر، سیپیاں اور فوسلز جمع کرکے گھر لے آتے۔
ابتدا میں وہ یہ پتھر اپنی جیبوں میں رکھتے، پھر ٹوکری استعمال کرنے لگے اور بعد میں انہیں لانے کے لیے ہاتھ سے چلنے والی ریڑھی کا سہارا لیا۔
دن بھر کی مشقت کے بعد رات کو لالٹین کی روشنی میں وہ چونے، گارے اور سیمنٹ کی مدد سے پتھروں کو جوڑتے رہتے۔ ان کے پاس نہ تعمیراتی تعلیم تھی، نہ کوئی باقاعدہ نقشہ۔ انہوں نے پوسٹ کارڈز اور رسالوں میں دیکھی گئی عمارتوں اور مجسموں سے متاثر ہوکر اپنا منفرد شاہکار تیار کیا۔
اس محل میں ہندو مندروں، مصری اہرام، اسلامی مساجد، دیومالائی مخلوقات اور جنگلی جانوروں کے مجسموں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ تقریباً 26 میٹر لمبا اور 10 میٹر اونچا یہ محل ان کے تخیل، مستقل مزاجی اور غیر معمولی فن کا نمونہ ہے۔
ابتدا میں گاؤں کے لوگ ان کے اس شوق کو عجیب سمجھتے اور انہیں پاگل قرار دیتے تھے، لیکن فرڈیننڈ نے کسی کی باتوں کی پروا کیے بغیر اپنا کام جاری رکھا۔ بالآخر 1912 میں ان کا 33 سالہ خواب مکمل ہوگیا۔
بعد ازاں 1969 میں فرانسیسی حکومت نے اس منفرد تعمیر کو ثقافتی ورثے کے طور پر تسلیم کیا اور اسے محفوظ رکھنے کے اقدامات کیے۔ آج یہ محل دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہے۔ مشہور مصور پابلو پکاسو سمیت کئی فنکار بھی اس غیر معمولی شاہکار سے متاثر ہوئے۔
فرڈیننڈ شیوال کی یہ کہانی ثابت کرتی ہے کہ بعض اوقات ایک عام انسان کا غیر معمولی خواب آنے والی نسلوں کے لیے تاریخ کا حصہ بن جاتا ہے۔