بچے ایکس پر کیا دیکھیں گے؟ والدین کو مل گیا کنٹرول

بچے ایکس پر کیا دیکھیں گے؟ والدین کو مل گیا کنٹرول

ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے پیرنٹل کنٹرول متعارف کرانے کا اعلان کردیا، جس کے تحت والدین اپنے بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو محدود کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق نئی سہولت کے ذریعے والدین بچوں کے ایکس استعمال کرنے کے تجربے کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے مختلف سیٹنگز کنٹرول کرسکیں گے۔

نئے نظام کے تحت 13 سے 17 سال کی عمر کے صارفین کے اکاؤنٹس ڈیفالٹ طور پر پروٹیکٹڈ موڈ میں رکھے جائیں گے، جس میں حساس تصاویر اور ویڈیوز دکھائی نہیں جائیں گی، جبکہ ٹارگٹڈ اشتہارات بھی بلاک ہوں گے۔

ایکس کی جانب سے والدین کو کئی اضافی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان کے ذریعے وہ یہ طے کرسکیں گے کہ بچے روزانہ کتنا وقت پلیٹ فارم پر گزاریں، کون انہیں فالو کرسکتا ہے اور ان کے اکاؤنٹس پر کس نوعیت کا مواد تجویز کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:علی بابا پاکستان کے لیے کیا بنانے جا رہا ہے؟ سپر ایپ کی تفصیلات سامنے آگئیں

والدین مخصوص الفاظ کو فلٹر کرنے، حساس میڈیا مواد بند کرنے اور یہ محدود کرنے کے بھی اہل ہوں گے کہ کون ان کے بچوں کو ڈائریکٹ میسج بھیج سکتا ہے۔

ان پیرنٹل کنٹرولز کو فعال کرنے کے لیے والدین اور بچوں دونوں کو ایکس کی فراہم کردہ ہدایات کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں کی نجی زندگی میں مداخلت کیے بغیر انہیں آن لائن محفوظ رکھنا ہے۔

تاہم ان کنٹرولز کے تحت والدین اپنے بچوں کے نجی پیغامات، سرچ ہسٹری یا دیکھی جانے والی پوسٹس نہیں دیکھ سکیں گے۔ اسی طرح انہیں بچوں کے اکاؤنٹس تک براہ راست رسائی یا ان کی جانب سے پوسٹس کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

editor

Related Articles