اننت امبانی کی ویڈیو سے شروع ہونے والا تنازع، شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم میدان میں آگئی

اننت امبانی کی ویڈیو سے شروع ہونے والا تنازع، شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم میدان میں آگئی

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر سوویگیا شرما کو بھیجے گئے قانونی نوٹس سے لاتعلقی ظاہر کردی، وکلا کا کہنا ہے کہ اداکار نے ایسا کوئی نوٹس جاری کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی نمائندگی کرنے والی ممبئی کی قانونی فرم ہیرانی ایسوسی ایٹس نے انسٹاگرام پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے، جس میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے قانونی نوٹس کو غیر مستند قرار دیا گیا ہے۔

قانونی فرم کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے نہ تو مذکورہ نوٹس کی منظوری دی اور نہ ہی کسی وکیل کو اپنی جانب سے انفلوئنسر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تنازع کیسے شروع ہوا؟

معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سوویگیا شرما کے نام مبینہ قانونی نوٹس کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ دستاویز میں بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کی دفعہ 356 کا حوالہ دیا گیا تھا، جو ہتک عزت سے متعلق ہے۔

 نوٹس میں انفلوئنسر سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی متنازع ویڈیو حذف کریں، اپنے الزامات واپس لیں اور 48 گھنٹوں کے اندر تحریری طور پر ہدایات پر عمل درآمد کی تصدیق کریں۔

یہ بھی پڑھیں:دلجیت کے کنسرٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، بچوں سے متعلق بھی وارننگ جاری

تاہم سوویگیا شرما نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تبصرے منصفانہ تنقید کے زمرے میں آتے ہیں اور انہیں آزادی اظہار کے تحت اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔

اننت امبانی اور شاہ رخ خان کی ویڈیو پر تنازع

اس تنازع کی بنیاد ایک ایسی ویڈیو بنی جس میں2 مختلف مناظر کو جوڑ کر پیش کیا گیا تھا۔ پہلے کلپ میں اننت امبانی کو روحانی رہنما سدگرو کے ساتھ گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ دوسرے حصے میں وہ شاہ رخ خان سے بات کررہے ہیں۔

انفلوئنسر نے دونوں مناظر کو اس انداز میں پیش کیا کہ جیسے شاہ رخ خان کو خاموش رہنے کی ہدایت دی جارہی ہو۔ اسی ویڈیو پر ان کے تبصروں کے بعد مبینہ قانونی نوٹس کی خبر سامنے آئی۔

ابتدائی بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انفلوئنسر کو 48 گھنٹوں میں5 مطالبات پورے کرنے کا کہا گیا ہے، لیکن اب شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے اس دستاویز کی صداقت سے ہی انکار کردیا ہے۔

یوں سوشل میڈیا پر شروع ہونے والا یہ تنازع ایک نیا رخ اختیار کرگیا ہے، جہاں اب اصل سوال یہ ہے کہ شاہ رخ خان کے نام سے  قانونی نوٹس کس نے تیار کیا اور اسے سوشل میڈیا پر کس نے پھیلایا؟

editor

Related Articles