بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، نادرا نے اہم سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، نادرا نے اہم سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے برطانیہ کے چار مختلف شہروں میں موبائل رجسٹریشن مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق موبائل رجسٹریشن ٹیمیں ہفتہ 28 نومبر 2026 کو برطانیہ کے چار شہروں میں پاکستانی شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق مختلف خدمات فراہم کریں گی۔

موبائل رجسٹریشن مراکز مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک فعال رہیں گے، جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شناختی دستاویزات بنوانے، تجدید اور دیگر ضروری تبدیلیوں کے لیے رجوع کرسکیں گے۔

نادرا کے مطابق گریوزینڈ (لندن) میں البیون ٹیرس، DA12 2SJ جبکہ بلیک برن (مانچسٹر) میں لٹل ہاروڈ کمیونٹی سینٹر، ویلی اولڈ روڈ، BB1 5PQ پر موبائل رجسٹریشن مراکز قائم کیے جائیں گے۔

اسی طرح پیٹربرو (برمنگھم) میں مسلم کونسل، گلیڈکا، 316 تا 318 گلیڈ اسٹون اسٹریٹ، PE1 2BX جبکہ ہیکمنڈوائیک (بریڈفورڈ) میں جامع مسجد، جیریمی لین، ویسٹ یارکشائر، WF16 9HZ میں نادرا کی موبائل ٹیمیں خدمات فراہم کریں گی۔

موبائل رجسٹریشن مراکز پر نئے اسمارٹ قومی شناختی کارڈ برائے اوورسیز پاکستانی (SNICOP) اور اسمارٹ پاکستان اوریجن کارڈ (SPOC) کے اجرا، تجدید، معلومات میں تبدیلی اور گمشدہ کارڈ دوبارہ بنوانے کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:مسائل حل نہیں کر سکتے تو نئے صوبوں کی مخالفت بھی نہ کرو، کراچی کے شہریوں کا بلاول بھٹو کو دوٹوک جواب

اس کے علاوہ شہری قومی شناختی کارڈ برائے اوورسیز پاکستانی (NICOP) اور اسمارٹ نائیکوپ کی منسوخی، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) کے حصول اور دوہری رجسٹریشن کے معاملات (DUP Clearance) کے حل کے لیے بھی نادرا کی موبائل ٹیموں سے رجوع کرسکیں گے۔

اس اقدام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی رہائش کے قریب شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات فراہم کرنا اور دور دراز رجسٹریشن مراکز تک سفر کی زحمت سے بچانا ہے۔

نادرا کی جانب سے شہریوں کی رہنمائی کے لیے سرکاری ویب سائٹ www.nadra.gov.pk اور ہیلپ لائن +92-51-111786100 بھی فراہم کی گئی ہے، جہاں سے مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles