ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک کو امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے اپنے دماغی امپلانٹ کی اہم کلینیکل آزمائش شروع کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔ اس تحقیق میں شدید مفلوج افراد کو صرف سوچ کے ذریعے کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات چلانے کے قابل بنانے کی ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق ’لنک پائیوٹل اسٹڈی‘ نامی اس تحقیق میں خاص طور پر امیوٹروفک لیٹرل اسکلروسیس (اے ایل ایس) کے باعث شدید جسمانی معذوری کا شکار افراد میں برین کمپیوٹر انٹرفیس کی حفاظت اور افادیت جانچی جائے گی۔
اس تحقیق کا بنیادی مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا ایسے افراد اپنے خیالات کے ذریعے ڈیجیٹل آلات استعمال کرسکتے ہیں اور یہ ٹیکنالوجی ان کی روزمرہ زندگی میں خودمختاری بڑھانے میں کس حد تک مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
دماغ میں کیسے کام کرتا ہے نیورالنک کا امپلانٹ؟
نیورالنک کا تیار کردہ برین کمپیوٹر انٹرفیس دماغ کے اس حصے میں نصب کیا جاتا ہے جو جسمانی حرکات کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ اس کا چھوٹا امپلانٹ ’این ون‘ کھوپڑی کے اندر نصب ہوتا ہے، جب کہ اس سے منسلک باریک الیکٹروڈ دماغ کے اندر تک پھیلتے ہیں۔
یہ نظام دماغی سرگرمیوں کو پڑھ کر حرکت سے متعلق اشاروں کی شناخت کرتا ہے، جس کی مدد سے مفلوج افراد کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئی تحقیق میں نہ صرف اس ٹیکنالوجی کے عملی استعمال بلکہ مختلف طبی مراکز میں امپلانٹ کی طویل مدتی حفاظت اور قابلِ اعتماد کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
30 سے زائد افراد کے دماغ میں امپلانٹ نصب
نیورالنک کا کہنا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں جاری ابتدائی مطالعات کے دوران اب تک 30 سے زائد افراد کے دماغ میں اس کا امپلانٹ نصب کیا جاچکا ہے۔
کمپنی کے مطابق شرکا اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اہل خانہ سے رابطہ کرنے، اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے اور ویڈیو گیمز کھیلنے جیسے کام انجام دے چکے ہیں۔
نئی آزمائش کے لیے اندراج شروع کردیا گیا ہے، تاہم کمپنی نے شرکا کی مجموعی تعداد، تحقیق کی متوقع مدت اور اس میں شامل طبی مراکز کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
یہ بات اہم ہے کہ ایف ڈی اے کی منظوری صرف کلینیکل آزمائش شروع کرنے کی اجازت ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ نیورالنک کو اپنا آلہ تجارتی طور پر فروخت کرنے کی منظوری بھی مل گئی ہے۔
نیورالنک کی دیگر دماغی تحقیقات
نیورالنک اپنے امپلانٹ کے علاوہ دماغ اور مشین کے درمیان رابطے کے دیگر طریقوں پر بھی تحقیق کررہی ہے۔
رواں ہفتے کمپنی کو امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس سے ایک ایسے برین کمپیوٹر انٹرفیس کا پیٹنٹ ملا جس میں دماغ اور آلے کے درمیان سگنل منتقل کرنے کے لیے زندہ نیورونز استعمال کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ ’سیل بیسڈ برین مشین انٹرفیس‘ نامی اس تصور کے ابتدائی تجربات چوہوں پر کیے گئے تھے، انسانوں پر اس کی کلینیکل آزمائش نہیں ہوئی۔
کمپنی کا ’پرائم‘ مطالعہ بھی امریکا میں جاری ہے، جس میں این ون امپلانٹ اور اسے نصب کرنے والے روبوٹک نظام ’آر ون‘ کی حفاظت اور کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
2024 میں شروع ہونے والی ’کانوائے‘ تحقیق کے ذریعے یہ جانچنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا امپلانٹ استعمال کرنے والے افراد روبوٹک بازو جیسے جسمانی معاون آلات کو دماغی اشاروں سے کنٹرول کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ نیورالنک ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں یو ٹی ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کے تعاون سے ’وائس‘ نامی تحقیق کررہی ہے۔ اس کا مقصد شدید طور پر قوتِ گویائی سے محروم افراد کے لیے دماغی اشاروں کے ذریعے تحریری پیغامات یا کمپیوٹر سے تیار کردہ آواز میں بات چیت کے امکانات جانچنا ہے۔
کینیڈا کے ٹورنٹو ویسٹرن اسپتال میں ’کین پرائم‘ اور برطانیہ میں یونیورسٹی کالج لندن ہاسپٹلز کی سربراہی میں ’جی بی پرائم‘ مطالعہ بھی جاری ہے۔
نابینا افراد کے لیے بھی ٹیکنالوجی پر کام
نیورالنک بصارت سے محروم افراد کے لیے بھی دماغی ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام کررہی ہے۔ اس مقصد کے لیے تیار کردہ ڈیوائس ’بلائنڈسائٹ‘ کو ستمبر 2024 میں امریکی ایف ڈی اے کی جانب سے بریک تھرو ڈیوائس ڈیزگنیشن دی گئی تھی۔