چاند پر پاکستانی خلائی جہاز اتارنے کی تیاری، احسن اقبال نے مستقبل کا بڑا ہدف بتا دیا

چاند پر پاکستانی خلائی جہاز اتارنے کی تیاری، احسن اقبال نے مستقبل کا بڑا ہدف بتا دیا

خلائی تحقیق کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان نے اب چاند پر قدم رکھنے کا باضابطہ ہدف مقرر کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا اگلا ہدف چاند ہے اور ’اُڑان پاکستان‘ پروگرام کے تحت 2035 تک ملک کو چاند کی سطح پر اپنا خلائی جہاز اتارنے کی صلاحیت حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احسن اقبال کا بتانا تھا  کہ پاکستان کو امید ہے کہ چین کے تعاون سے اگلے قمری مشن میں اپنی تحقیقی گاڑی بھی چاند پر بھیج سکے گا۔

ان کاکہنا تھا  کہ مجوزہ روور کے ذریعے پاکستانی سائنس دان چاند کی سطح پر نقل و حرکت کا عملی مطالعہ کرسکیں گے، جس سے مستقبل میں پاکستان کے اپنے قمری مشن کی تیاری میں مدد ملے گی۔

احسن اقبال نے چین کی قیادت اور اس کے انسان بردار خلائی پروگرام کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستان کو خلائی تحقیق میں شراکت دار بنایا اور تربیت کے دوران پاکستانی خلا نورد محمد ذیشان علی کا جس خلوص سے خیال رکھا، وہ پاک چین دوستی کی ایسی مثال ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

واضح رہے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون حالیہ برسوں میں تیزی سے آگے بڑھا ہے، جس کی قیادت پاکستان کا قومی خلائی ادارہ سپارکو (SUPARCO) اور چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : زمین سے خلا تک پاک چین دوستی رہے سلامت! پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کیساتھ خلا میں پہنچ گئے

 اس شراکت داری کے تحت پاکستان نے چینی مشنز کے ذریعے سیٹلائٹس لانچ کیے اور چین کے بین الاقوامی قمری تحقیقی اسٹیشن (ILRS) منصوبے میں بھی شمولیت اختیار کی، جس کا مقصد چاند پر سائنسی تحقیق اور مستقبل کے مشنز کے لیے مشترکہ کام کرنا ہے۔

حکومتِ پاکستان کے معاشی و ترقیاتی وژن “اُڑان پاکستان” (Uraan Pakistan) میں جدید ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق اور جدت کو کلیدی ستون قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خلائی مشن میں پاکستانیوں کی دلچسپی کیلئے بڑا قدم ! سپارکو مشن ہب انٹرنیٹ پورٹل لانچ

اسی سلسلے میں خلائی تحقیق اور انسانی خلائی پرواز کی تربیت جیسے اقدامات کے ذریعے ملک میں سائنسی استعداد بڑھانے اور آئندہ دہائی میں چاند کی سطح پر تحقیقی روور اور خلائی مشن اتارنے کے ہدف کی جانب پیش رفت کی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles