نوجوانوں کیلئے قرض اسکیم میں اہم تبدیلیاں،قرضوں کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

نوجوانوں کے لیے کاروبار اور زرعی شعبے میں بڑی خوشخبری، وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی، سکیم میں نیا ٹیئر 4 متعارف کروا دیا گیا، جبکہ خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ بھی کم از کم 30 فیصد مقرر کرنے کی ہدایت کردی گئی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم میں اہم ترامیم کرتے ہوئے تمام بینکوں کو نیا مراسلہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت قرضوں کی حد میں اضافہ اور فنانسنگ کے نظام میں توسیع کی گئی ہے

اسٹیٹ بینک کے مراسلے کے مطابق نئے متعارف کرائے گئے ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور زیادہ سے زیادہ 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک قرض حاصل کیا جاسکے گا۔ اس ٹیئر کے تحت طویل المدتی قرضوں کی زیادہ سے زیادہ مدت 8 سال مقرر کی گئی ہے، جس میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا

نئے ٹیئر 4 کے تحت بینک پالیسی کے مطابق قرض کے لیے سیکیورٹی حاصل کریں گے، جبکہ بینکوں کے لیے شرحِ سود 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب قرض حاصل کرنے والے صارفین کے لیے شرحِ سود 8 فیصد مقرر کی گئی ہے

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین اہم کمانڈروں سمیت 18 سے 19 خوارج جہنم واصل

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ قرضوں کے خطرات کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو کی سطح پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ ٹیئر 3 کی دیگر شرائط و ضوابط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گے

یوتھ لون سکیم کے تحت قرضوں کی نئی تقسیم

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سکیم کے تحت قرضوں کے مختلف درجات کی حد بھی واضح کردی گئی ہے

  • ٹیئر 1: 5 لاکھ روپے تک قرضہ

  • ٹیئر 2: 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک قرضہ

  • ٹیئر 3: 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرضہ

  • ٹیئر 4: 75 لاکھ روپے سے زائد اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک قرضہ

مراسلے کے مطابق ٹیئر 3 کے لیے بھی بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد کردیا گیا ہے

اس کے علاوہ لیپ ٹاپ فار آل اور بیرون ملک روزگار کے خواہش مند افراد (پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز) کو ٹیئر 5 میں منتقل کردیا گیا ہے، جس سے سکیم کے تحت مختلف شعبوں کے لیے فنانسنگ کی درجہ بندی میں بھی تبدیلی کی گئی ہے

خواتین کے لیے کم از کم 30 فیصد کوٹہ مقرر

اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کے تحت خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ بڑھا کر کم از کم 30 فیصد کیا جائے، تاکہ خواتین بھی کاروبار اور زرعی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت حاصل کرسکیں

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سکیم کی دیگر شرائط و ضوابط اور حکومتی سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار برقرار رہے گا، جبکہ نئی ترامیم مراسلے کے اجراء کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر لاگو ہوں گی

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کے تحت قرضوں کے صرف تین درجات موجود تھے، تاہم اب نئے ٹیئر 4 کے اضافے سے نوجوانوں کو بڑے کاروباری اور زرعی منصوبوں کے لیے ڈھائی کروڑ روپے تک فنانسنگ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles