بچپن میں کھیلا جانے والا مشہور ویڈیو گیم ’سپر ماریو برادرز‘ آج کروڑوں روپے کی مالیت اختیار کرگیا۔ 1985 کے اس نایاب گیم کی ایک کاپی معروف نیلام گھر میں تقریباً 2 کروڑ 67 لاکھ پاکستانی روپے میں فروخت ہوئی، جب کہ اسی گیم کی ایک دوسری کاپی کی بولی 3 کروڑ 62 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
معروف نیلام گھر ’ہیریٹیج آکشنز‘ کے زیر اہتمام 20 اور 21 نومبر کو ہونے والی ’ویڈیو گیمز سگنیچر آکشن‘ میں نینٹینڈو انٹرٹینمنٹ سسٹم (NES) کے مشہور گیم ’سپر ماریو برادرز‘ کی نایاب کاپی 96 ہزار 875 ڈالر میں نیلام ہوئی۔
یہ کاپی 1985 کے پہلے پروڈکشن بیچ سے تعلق رکھتی تھی اور اسے پی ایس اے کی جانب سے 9.0 ریٹنگ دی گئی تھی۔ اس فروخت نے پہلے پروڈکشن بیچ کی سپر ماریو کاپی اور مکمل اصل پیکج کے ساتھ فروخت ہونے والے کسی بھی ویڈیو گیم کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
نیلام گھر کے مطابق یہ ’کمپلیٹ ان باکس‘ کاپی تھی، یعنی اس کا ڈبہ پہلے کھولا جاچکا تھا اور گیم استعمال بھی ہوئی تھی، تاہم اس کے اصل کارٹریج، ہدایت نامے اور پیکج میں شامل دیگر اشیا محفوظ تھیں۔
اسی نیلامی میں سپر ماریو برادرز کے دوسرے پروڈکشن بیچ کی ایک اور نایاب کاپی بھی پیش کی گئی۔ یہ کاپی مکمل طور پر غیر کھلی تھی اور اسے پی ایس اے کی جانب سے 8.5 ریٹنگ دی گئی تھی۔
اس کاپی کے لیے سب سے بڑی بولی ایک لاکھ 31 ہزار 250 ڈالر، یعنی تقریباً 3 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی روپے لگائی گئی۔
ہیریٹیج آکشنز کے ویڈیو گیمز ڈائریکٹر ایون میسنگل کے مطابق ابتدائی دور کے نایاب نینٹینڈو گیمز کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سپر ماریو برادرز‘ ہوم کنسول گیمنگ کی تاریخ میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور شائقین اس کی تاریخی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
یوں کئی دہائیاں پرانا ایک عام سا دکھائی دینے والا ویڈیو گیم آج کلکٹرز کے لیے لاکھوں ڈالر کی قیمتی یادگار بن چکا ہے۔