پاکستان میں اپنا گھر بنانے یا خریدنے کا خواب دیکھنے والے خاندانوں کے لیے حکومت نے بڑا ہدف مقرر کردیا ہے۔ حکومت آئندہ 6 ماہ کے دوران ایک ہزار ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کرنے اور جون 2027 تک ڈیڑھ لاکھ گھروں کی مالی معاونت کا منصوبہ رکھتی ہے۔
پروگرام ’اپنا گھر‘ کے تحت حکومت کا مقصد کم آمدنی والے اور گھر کے خواہش مند خاندانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے 2029 تک 5 لاکھ خاندانوں کو اپنے گھر کا مالک بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت نے مالی سال 2026 اور 2027 کے لیے 71 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے، جس سے 835 ارب روپے تک کی ہاؤسنگ فنانسنگ ممکن ہونے کی توقع ہے۔
حکومت نے پروگرام میں شامل مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قرضوں کی فراہمی کا عمل شفاف اور تیز بنایا جائے۔ بینکوں کو درخواستوں کا طریقہ کار آسان کرنے اور مستحق افراد کے انتخاب میں سیاسی سفارش یا اقربا پروری سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پاکستان میں گھروں کی شدید کمی
پاکستان میں گھروں کی کمی کا تخمینہ 90 لاکھ سے ایک کروڑ 20 لاکھ یونٹس کے درمیان لگایا گیا ہے، جبکہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں رہائشی قرضوں کا حصہ صرف 0.3 فیصد ہے۔
اس کے مقابلے میں انڈونیشیا میں یہ شرح 12 فیصد جبکہ ملائیشیا میں 30 سے 40 فیصد تک ہے، جو پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کی محدود رسائی کو ظاہر کرتی ہے۔
تعمیراتی شعبہ ملک کی تقریباً 40 متعلقہ صنعتوں اور کاروباروں کو سہارا دیتا ہے اور لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ گھروں کے لیے قرضوں کی سہولت بڑھنے سے نہ صرف خاندانوں کو اپنے گھر مل سکیں گے بلکہ تعمیراتی سرگرمیوں اور کاروبار کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض کی شرائط
30 اپریل 2026 کو شروع کیے گئے ’اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اہل درخواست گزار زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے تک قرض حاصل کرسکتے ہیں، جس کی واپسی کی مدت 20 سال تک ہوگی۔
اس منصوبے میں بینک جائیداد کی مالیت کا 90 فیصد قرض فراہم کریں گے، جبکہ باقی 10 فیصد رقم درخواست گزار کو خود ادا کرنا ہوگی۔ قرض پر ابتدائی 10 سال کے لیے شرح منافع 5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ درخواست کی کارروائی کی کوئی فیس نہیں ہوگی اور قرض کی قبل از وقت ادائیگی پر بھی جرمانہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
نوجوانوں کے کاروبار اور زراعت کے لیے بھی قرضوں میں تبدیلی
حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں بھی تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ نئی سہولت کے تحت 75 لاکھ روپے سے زیادہ اور ڈھائی کروڑ روپے تک کے قرضوں کے لیے ایک نیا درجہ شامل کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو نئی شرائط سے آگاہ کردیا ہے۔ نئے درجے کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ مدت 8 سال ہوگی، جس میں ایک سال تک کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔
اس قرض کے لیے بینکوں کی شرح چھ ماہ کے کراچی انٹربینک آفرڈ ریٹ (کائبور) سے 2.4 فیصد زیادہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ قرض لینے والے افراد 8 فیصد شرح منافع ادا کریں گے۔
اسکیم میں اب 5 لاکھ روپے تک سے لے کر ڈھائی کروڑ روپے تک کے قرضوں کے لیے چار درجات موجود ہیں۔ لیپ ٹاپ فار آل اور بیرون ملک روزگار کے خواہش مند افراد کے پروگراموں کو پانچویں درجے میں منتقل کردیا گیا ہے۔
بینکوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ نوجوانوں کے لیے مختص قرضوں میں کم از کم 30 فیصد خواتین کو فراہم کیے جائیں۔ پہلے دو درجات کے قرضوں کے لیے ذاتی ضمانت کافی ہوگی، جبکہ تیسرے اور چوتھے درجے کے قرضوں کی ضمانت متعلقہ بینک کی پالیسی کے مطابق ہوگی۔ ورکنگ کیپیٹل کے قرضوں کی زیادہ سے زیادہ مدت 5 سال اور مجموعی طور پر قرض کی مدت 8 سال مقرر کی گئی ہے۔