امریکی فضائیہ کا ڈیجیٹل قلعہ بھی محفوظ نہ رہا، حساس کلاؤڈ سسٹم ہیک، بڑا سائبر حملہ بے نقاب

امریکی فضائیہ کا ڈیجیٹل قلعہ بھی محفوظ نہ رہا، حساس کلاؤڈ سسٹم ہیک، بڑا سائبر حملہ بے نقاب

امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ کو ہیکرز نے کامیابی سے نشانہ بنا لیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم امریکی فوج کے حساس آپریشنز، اہلکاروں کے ڈیٹا، مواصلاتی نظام اور لاجسٹکس کے انتظام میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سائبر حملے کا انکشاف  اس وقت ہوا جب سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے معمول کی کارروائی کی جا رہی تھی۔ واقعے سے واقف دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس پیشرفت کی تصدیق کی۔

تاحال حملہ آوروں کی شناخت سامنے نہیں آسکی۔ یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ ہیکرز نے سسٹم سے کون سا ڈیٹا حاصل کیا یا کوئی حساس فوجی معلومات چوری کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

امریکی فضائیہ نے اس معاملے پر براہ راست تفصیلات دینے سے گریز کیا۔ رائٹرز کو جاری بیان میں محکمہ فضائیہ کا کہنا تھا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس، سسٹمز کی سیکیورٹی، ممکنہ کمزوریوں یا آپریشنل صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتا۔ تاہم معلومات، ڈیجیٹل نظام اور فوجی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جاتے ہیں۔

’کلاؤڈ ون‘ امریکی فضائیہ کا بنیادی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ہے۔ اس میں مائیکروسافٹ، اوریکل، ایمازون اور الفابیٹ کی کلاؤڈ سہولیات یکجا کی گئی ہیں۔

اس نظام کے ذریعے فوجی اہلکاروں کے ریکارڈ، رسد، مواصلات اور فوجی آلات کی دیکھ بھال سے متعلق امور چلائے جاتے ہیں۔

حساس فوجی نظام پر سائبر حملے کے انکشاف نے امریکی فضائیہ کے ڈیجیٹل دفاع اور اہم معلومات کے تحفظ سے متعلق سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

editor

Related Articles