وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مسلسل چھٹی مرتبہ کمی کا اعلان کر دیا، جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 312 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس کی قیمت 346 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
اس سے قبل جمعرات کو پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کرکے 313 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کرکے 346 روپے مقرر کی گئی تھی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اعداد و شمار کے مطابق 19 نومبر کو پیٹرول کی قیمت 323 روپے فی لیٹر تھی، جو مسلسل چھ مرتبہ کمی کے بعد 312 روپے فی لیٹر پر آگئی ہے۔ اس دوران پیٹرول مجموعی طور پر 11 روپے فی لیٹر سستا ہوا ہے۔
یکم نومبر سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ 30 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر تھی۔
گزشتہ ماہ کے اختتام سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 65 روپے 91 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 56 روپے 96 پیسے فی لیٹر کمی ہو چکی ہے۔
