وزیراعظم شہباز شریف سے مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفود نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی وفد کی قیادت وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کی، جبکہ ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ خاقان فیدان اور وزیر دفاع شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی شریک ہوئے۔