ریاستی رٹ چیلنج کرنیوالے فضل الرحمان کے بھائی عطاء الرحمان سمیت جے یو آئی کے درجنوں شرپسندوں پر مقدمات درج، گاڑی ضبط اور 9 قانون شکن گرفتار

ریاستی رٹ چیلنج کرنیوالے فضل الرحمان کے بھائی عطاء الرحمان سمیت جے یو آئی کے درجنوں شرپسندوں پر مقدمات درج، گاڑی ضبط اور 9 قانون شکن گرفتار

قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے، شاہراہیں بند کر کے مسافروں کو اذیت دینے اور دفعہ 144 کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطاء الرحمان سمیت درجنوں شرپسند عناصر کے خلاف پنجاب پولیس نے آہنی شکنجہ کس دیا ہے، جبکہ موٹروے بند کر کے بھاگنے والے عطاء الرحمان اور ان کے ساتھیوں کی گاڑی بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔

تھانہ بھیرہ اور تھانہ سٹی سرگودھا میں درج ہونے والی دو الگ الگ ایف آئی آرز کے مندرجات نے جے یو آئی کے پرامن احتجاج کے جھوٹے دعووں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ پہلی ایف آئی آر (نمبر 941/26، تھانہ بھیرہ) کے مطابق 26 نومبر کی شام تقریباً 4 بج کر 10 منٹ پر جے یو آئی کے صوبائی امیر اور فضل الرحمان کے بھائی  عطاء الرحمان ولد مفتی محمود اور سخی مرجان ولد گل الدین ساکن لکی مروت کی قیادت میں 20 سے 25 مسلح ہائے ڈنڈے و سوٹے بردار شرپسندوں نے بھیرہ انٹرچینج سروس ایریا لاہور و اسلام آباد سائیڈ پر موٹروے کی مین لین دونوں اطراف سے بند کر کے عوام الناس کا راستہ روکا اور شدید نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے تمام حدیں پار کر دیں “جانباز فورس” کے نام پر ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھا لیے

پولیس دستاویزات کے مطابق جب ایس ایچ او تھانہ بھیرہ راجہ ریحان حفیظ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور میگا فون کے ذریعے انہیں غیر قانونی اقدام سے باز رہنے کی تنبیہ کی، تو انہوں نے پولیس کی بات ماننے سے صاف انکار کر دیا۔

 جب پولیس نے روڈ کھلوانے کے لیے پیش قدمی کی تو قانون اور ریاست کو للکارنے والے عطاء الرحمان اور سخی مرجان اپنے 20/25 مسلح ساتھیوں سمیت دم دبا کر فرار ہو گئے جبکہ بھاگتے ہوئے اپنی سفید رنگ کی ٹویوٹا ہائی لکس ڈالہ گاڑی (نمبر IDH-9835) بھی موقع پر ہی چھوڑ گئے جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔ پولیس نے کارِ سرکار میں مداخلت، موٹروے بلاک کرنے اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 341، 283، 147، 149 اور 186 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب تھانہ سٹی سرگودھا میں درج کی گئی دوسری ایف آئی آر (نمبر 651/26) کے مطابق 27 نومبر کو دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود جے یو آئی کے شرپسند عناصر نے فاطمہ جناح روڈ نزد لکڑ منڈی بھیرہ گودام ایریا میں غیر قانونی اجتماع کر کے سڑک بلاک کر دی اور شہریوں کی آمدورفت معطل کر دی۔ ایس آئی مسعود الحسن کی سربراہی میں پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قانون شکنی کرنے والے 9 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

 گرفتار ہونے والوں میں راحیل معاویہ (مظفرگڑھ)، تمکین شاہ (چارسدہ)، انس ولد محمد امیر، محمد حذیفہ، فدا اللہ، واجد الرحمن، محمد انس، محمد زین العابدین (ساکنان لکی مروت) اور مجیب الرحمن (مظفرگڑھ) شامل ہیں، جن کے قبضے سے نقدی اور موبائل فونز برآمد کر کے دفعہ 341 اور 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سیاسی مبصرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف فضل الرحمان اسٹیج پر کھڑے ہو کر اداروں اور قانون کو للکارتے ہیں اور معصوم کارکنوں کو سڑکیں بند کرنے پر اکساتے ہیں، اور دوسری طرف جب قانون حرکت میں آتا ہے تو ان کے اپنے بھائی عطاء الرحمان اپنی گاڑی تک چھوڑ کر میدان سے بھاگ نکلتے ہیں جبکہ غریب کارکن جیلوں میں رُل جاتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موٹروے بند کر کے مسافروں کو یرغمال بنانے اور فرار ہونے والے تمام نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کر کے مثالی سزا دی جائے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles