اسلام آباد انتظامیہ کی 25 نومبر 2026 کی سرکاری مراسلوں اور نادرا ریکارڈ میں غیر ملکی شہری قرار دیے جانے والے امان اللہ ولد محمد یونس کی وفاقی دارالحکومت میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کی تحقیقات کا دائرہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان تک پھیلا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پیشرفت کے بعد ان جائیدادوں کے حقیقی مالک، خریداری کے لیے استعمال ہونے والے فنڈز اور سیاسی سرپرستی کے حوالے سے کئی اہم سوالات نے جنم لے لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی سرکاری دستاویزات، اسپیشل برانچ کی رپورٹ اور نادرا کی تصدیق کے مطابق امان اللہ غیر ملکی شہری ثابت ہوا ہے، جس کے بعد اس کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
سرکاری مراسلوں میں جن 2 اہم جائیدادوں کے ملکیتی ریکارڈ کی چھان بین کا حکم دیا گیا ہے، ان میں گلبرگ گرینز کا مکان نمبر 318 اور سیکٹر G-6/4، اسٹریٹ 83 کا مکان نمبر 7 (رقبہ 1200 مربع گز) شامل ہیں۔
تحقیقاتی حلقوں اور سیاسی تجزیہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے بنیادی سوالات کی کڑیاں براہِ راست فضل الرحمان کے ساتھ مل رہی ہیں، کیونکہ سرکاری حلقوں کے مطابق ان کی ملکیتی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی امان اللہ کے نام سے منسلک پایا گیا ہے۔
اس معاملے پر درج ذیل نکات پر تفصیلی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے
فنڈز کے ذرائع اور نوعیت
تحقیقات میں یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان قیمتی جائیدادوں کی خریداری کے لیے رقوم کہاں سے آئیں؟ آیا یہ رقوم جمعیت علمائے اسلام کے پارٹی فنڈز سے لی گئیں، مدارس کے چندے کی مد میں جمع ہوئیں یا اس کے پیچھے کوئی دیگر ذرائع کارفرما تھے۔
فرنٹ مین سے تعلق اور ملکیتی حیثیت
حکام اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ امان اللہ کا فضل الرحمان اور جماعت کی قیادت سے کیا تعلق ہے اور ایک مذہبی و سیاسی جماعت یا اس کی قیادت سے منسلک جائیدادیں ایک غیر ملکی نجی شخص کے نام پر کیوں رجسٹرڈ کرائی گئیں؟۔
سیاسی سرپرستی اور قانونی خلاف ورزی
یہ سوال بھی زیرِ غور ہے کہ ایک غیر ملکی شہری نے پاکستانی شناختی کارڈ کیسے حاصل کیا اور کس کی سیاسی سرپرستی میں وفاقی دارالحکومت میں غیر منقولہ جائیدادیں خریدیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق بغیر سرکاری اجازت غیر ملکی شہری کی جانب سے جائیداد کا حصول ’فارنرز ایکٹ 1946‘ اور متعلقہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ادائیگی کا طریقہ کار اور بینک ریکارڈ
اس بات کی بھی کھوج لگائی جا رہی ہے کہ جائیدادوں کی خریداری کے لیے ادائیگیاں نقد کی گئیں، بینک ٹرانسفر کے ذریعے ہوئیں یا حوالہ ہنڈی کا سہارا لیا گیا، جبکہ متعلقہ بینک ریکارڈ کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔
ملک کے دیگر شہروں میں جائیدادیں
تحقیقات کو صرف اسلام آباد تک محدود نہیں رکھا جا رہا بلکہ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا امان اللہ کے نام پر ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، ملتان اور کوئٹہ میں بھی فضل الرحمان یا جماعت سے منسلک کوئی جائیدادیں موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسلام آباد کی نگرانی میں سیکٹر G-6/4 کے مکان نمبر 7 اور دیگر املاک کے انتقال، الاٹمنٹ اور ٹرانسفر کا مکمل ریکارڈ کھنگالا جا رہا ہے تاکہ حقیقی مالک اور بالواسطہ ملکیتی مفادات کا تعین کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
دوسری جانب اس معاملے پر فضل الرحمان یا جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔