حکومت سے مذاکرات ختم، پی ٹی آئی کا اپوزیشن اتحاد بنانے کا اعلان

اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گرینڈ اپوزیشن الائنس کی طرف بڑھ رہی ہے اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی اس اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم ہو چکے ہیں اور پی ٹی آئی نے عوامی احتجاج اور اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی مذاکرات ختم کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کے مطابق عمران خان نے مذاکرات کے حوالے سے جو فیصلہ کیا تھا، وہ اسے دوبارہ بھی بدل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی عمران خان سے ملاقات کروانے میں ناکام رہی، جس سے ان کے اختیارات پر سوالات اٹھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یہ چاہتی تھی کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے تحریری مطالبہ کریں، تاکہ اس کا سیاسی بیانیہ بنایا جا سکے، لیکن ہم نے ایسا کرنے سے گریز کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ڈھائی سال تک حکومتی دباؤ اور جبر برداشت کیا اور آئندہ بھی کرے گی۔ پارلیمنٹ میں ہمارا احتجاج جاری ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کو احتجاج کے باعث تقریر کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے واضح کیا کہ اپوزیشن کا اتحاد ملک میں جاری سیاسی صورتحال کے پیش نظر تشکیل دیا جا رہا ہے، اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے عوامی احتجاج کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

Related Articles