مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس جماعت کو مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج اسد قیصر کی دعوت پر اپوزیشن کا الائنس یہاں آیا، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں کا یہ موقف تھا کہ 08 فروری کا الیکشن دھاندلی زدہ الیکشن تھا، یہ منڈیٹ عوام کا منڈیٹ نہیں، اس جماعت کو مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے منصفانہ انتخابات نہیں کروائے، اگر الیکشن کمیشن واقعی آزاد اور خود مختار ہے تو الیکشن کمیشن کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔
اپوزیشن الائنس کی بیٹھک کے بعد شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سب اپوزیشن کی جماعتیں اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اکٹھی ہوئیں، ملک کی موجودہ صورتحال پر بات ہوئی۔ موجودہ حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن ہی ملک کو مالی دہشت گردی اور دیگر بحران سے نکالنے کا حل ہیں، سیاسی قیدیوں کی رہائی ہونی چاہیے جبکہ پیکا جیسے کالے قانون کا خاتمہ ہونا چاہیے۔