کراچی: لیاری میں 5 منزلہ عمارت منہدم، 5 افراد جاں بحق، متعدد ملبے تلے دب گئے

کراچی: لیاری میں 5 منزلہ عمارت منہدم، 5 افراد جاں بحق، متعدد ملبے تلے دب گئے

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گر گئی،جس کے نتیجے میں اب تک 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ، زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق 1 زخمی کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 5 زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

 حکام نے بتایا کہ متعدد افراد رہائشی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری کے پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں 6 فیملیز رہائش پذیر تھیں ، گرنے سے قبل عمارت کی حالت خستہ تھی، شہر کے پرانے علاقے میں اب بھی کئی عمارتیں مخدوش حالت میں موجود ہیں ، ذرائع کے مطابق اس عمارت کو کسی قسم کا نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔

کراچی کے جناح ہسپتال اور سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل داخل ، 10 جولائی تک بارشیں متوقع

اس واقعے سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لے کر فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ ایس بی سی اے سے بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے۔ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں، انسانی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رہائشی عمارت گرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری، مؤثر اور ہم آہنگ امدادی کارروائی کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ملبے تلے پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا جائے، زخمیوں کو فوری طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابلِ برداشت ہوگی۔

editor

Related Articles