ہزاروں ارب روپے کے بوجھ کا خدشہ، عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا تو عوام کو فوری ریلیف ملے گا، وزیر پیٹرولیم

ہزاروں ارب روپے کے بوجھ کا خدشہ، عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا تو عوام کو فوری ریلیف ملے گا، وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک فوری منتقل کیا جائے گا، تاہم قیمتیں کم ہونے تک مہنگائی کے طوفان کے سامنے غیر مشروط امداد نہیں باندھی جاسکتی، کیونکہ ایسی امداد کا نتیجہ 2022 جیسا نکل سکتا ہے۔

لاہور کے علاقے مغلپورہ میں اپنے حلقے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم مشکل ترین حالات میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن اقدام کریں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں جتنی قیمت بڑھی، اسی تناسب سے قیمتیں بڑھانا پڑیں اور عوام پر ایک روپیہ بھی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال انتہائی حساس ہے، پاکستان سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتا ہے اور ترکی کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ انہیں یکجہتی کا پیغام لے کر آئندہ ہفتے ریاض جانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے،  سعودی عرب نے پاکستان کو تیل کی فراہمی یقینی بنانے میں تعاون کیا، جس پر وہاں جا کر سعودی حکام کا شکریہ ادا کریں گے۔

موسم سرما میں گیس کی فراہمی 

سردیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آنے والا موسم سرما ایک بڑا چیلنج ہے ،  صارفین کو گیس کی فراہمی کے لیے وزیراعظم اور کابینہ کو منصوبہ پیش کردیا گیا ہے اور آئندہ دو روز میں اس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کے بعد اب جیٹ فیول اور مٹی کا تیل بھی مہنگا

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں گیس کی بڑی مقدار قطر سے فراہم ہوتی ہے اور قطر سے سپلائی متاثر ہوئی تو عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال 

علی پرویز ملک نے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات کرتے  کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے ، انہوں نے تمام سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ سیاسی معاملات کو ایک طرف رکھ کر ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا اور عسکری قیادت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ فکر ہے کہ سیاسی اختلافات یا چھوٹی سیاست کی وجہ سے ملک کو ایسا نقصان نہ پہنچے جس پر آنے والی نسلوں کے سامنے شرمندگی ہو۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے قومی ذمہ داری کا احساس کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی جنگ اور موجودہ صورتحال میں قوم کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم اقدامات کر رہے ہیں ، سرحدوں پر شہادت پیش کرنے والے نوجوانوں کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔

ان کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کو ہر قسم کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

editor

Related Articles