اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی قیادت کے لیے لکی مروت کے گنڈی چوک پہنچ گئے، جہاں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تحریک انصاف کے کارکنان کے قافلے بھی پہنچ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا آغاز گنڈی چوک لکی مروت سے کیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ 4 اکتوبر کو دوپہر 1 بجے گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع کیا جائے گا، جس میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے قافلے شریک ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جبکہ وزیراعلیٰ لانگ مارچ کی قیادت کے لیے گنڈی چوک پہنچ گئے ہیں۔ عطا تارڑ نے سہیل آفریدی پر توہین عدالت کا مرتکب ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔
لانگ مارچ کے اعلان کے مطابق قافلہ گنڈی چوک سے روانہ ہو کر پہلے مرحلے میں کرک، کوہاٹ، پشاور اور چارسدہ کی جانب پیش قدمی کرے گا، جبکہ 8 اکتوبر کو خیرآباد میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کے قافلے جمع ہوں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن رانا ثنا اللہ نے بھی کہا ہے کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد کی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔