ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق تمام ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹنگ سینٹرز پر نصب کیمرے اب 24 گھنٹے فعال رہیں گے اور انہیں کسی صورت بند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئی پالیسی کے تحت بغیر ویڈیو شواہد کے کسی بھی امیدوار کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل ڈرائیونگ ٹیسٹ کی ویڈیو ریکارڈنگ صرف 15 دن تک محفوظ رکھی جاتی تھی جس کے باعث شکایات کی صورت میں کارروائی کرنا مشکل ہوتا تھا، تاہم اب یہ ریکارڈنگ مستقل طور پر سیف سٹی اتھارٹی کے ڈیٹا سینٹر میں محفوظ کی جائے گی۔ ڈی آئی جی وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ اس نظام سے غیر تربیت یافتہ افراد اور سفارش پر لائسنس حاصل کرنے والوں کا راستہ بند ہو جائے گا۔
ٹیسٹنگ سینٹرز میں نصب کیمرے اور گاڑیوں میں موجود سینسرز خودکار طریقے سے ٹیسٹ کے دوران ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی کریں گے، جس کے نتیجے میں صرف اہل اور قابل امیدوار ہی لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ بار بار سامنے آنے والی شکایات اور موجودہ نظام کی خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو شواہد پر مبنی نگرانی اور آڈٹ کے ذریعے اصلاحی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں گے جس سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے نظام میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ ملے گا۔