امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں برطانیہ کے شاہی خاندان کی جانب سے ونزرکاسل میں عشائیہ دیا گیا۔
اس موقع پر بادشاہ چارلس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ دنیا کے پیچیدہ تنازعات کے حل میں ٹرمپ کی کوششیں قابل تعریف ہیں، امن کےلیے ڈونلڈ ٹرمپ کا عزم قابلِ قدر ہے۔ صدر ٹرمپ بولے کہ امریکا اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں سے قابل فخر ہیں اور برطانیہ کا دورہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے ۔
امریکی صدر کے شاہی محل ونزر کاسل پہنچنے پر شاہی خاندان نے صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا استقبال کیا۔
ٹرمپ نے شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، فوجی تقریب میں طیاروں کا رنگا رنگ فلائی پاسٹ اور رائل فورس کی شاندار پریڈ دیکھی۔صدر بننے کے بعد ٹرمپ کا یہ برطانیہ کا دوسرا سرکاری دورہ ہے جس میں امریکا اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدے متوقع ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے، انہوں نے اپنے خصوصی طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر لندن صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے برطانیہ میں گزشتہ رات ہونے والے اسٹیٹ بینکوئٹ میں صادق خان کو مدعو نہ کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ صادق خان کو ایک عرصہ سے پسند نہیں کرتے اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ صادق خان وہاں آئے۔