پاکستان کے خلاف افغان طالبان رجیم اور بھارت کی گٹھ جوڑ سے چلنے والا منظم اور مذموم پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔
پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کا پردہ چاک کر دیا ہے جس کا مقصد پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا اور عوام کے ذہنوں میں انتشار پیدا کرنا ہے۔
بھارت اور افغان طالبان سے منسلک متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈا میں سرگرم ہیں ان اکاؤنٹس کے ذریعے چمن کے ایک پرانے اجتماع کی ویڈیوز کو نئے واقعات کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا جا سکے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ ویڈیوز دراصل دسمبر 2022 کے چمن اجتماع کی ہیںجنہیں سیاق و سباق سے ہٹ کر دوبارہ پھیلایا جا رہا ہے۔
یہ جھوٹا بیانیہ، من گھڑت خبریں اور جعلی تصاویر افغان طالبان کی جانب سے چلائی جانے والی ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔
پاکستان کی وزارتِ اطلاعات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں اور ویڈیوز پر یقین نہ کریں اور ہر اطلاع کو شیئر کرنے سے قبل مستند ذرائع سے اس کی تصدیق ضرور کریں
حکومت پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ ملک کے خلاف چلنے والی ہر قسم کی جھوٹی مہم کا مؤثر اور منظم انداز میں جواب دے گی اور دشمن کے پروپیگنڈا کو ہر سطح پر بے نقاب کرتی رہے گی۔