انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوسرے مرحلے میں اب شہری اسلام آباد کے مختلف ناکوں پر ہی لرنر ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) حمزہ ہمایوں کے مطابق، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے سہولت وینز تعینات کر دی ہیں جو مختلف مقامات پر موجود ہوں گی تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگائے بغیر موقع پر پرمٹ جاری کیے جا سکیں۔
نے بتایا کہ یہ سہولت ابتدائی طور پر 4 اہم ناکوں پر فراہم کی جا رہی ہے، جن میں زیرو پوائنٹ، فیض آباد، جی-14، اور فارن آفس ناکہ شامل ہیں۔ ان مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گی تاکہ درخواست کے فوری بعد لرنر پرمٹ جاری کیا جا سکے۔
حمزہ ہمایوں نے کہا کہ جن شہریوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ موجود نہیں ہوگا، انہیں موقع پر ہی پرمٹ فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت دینا، ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے رجحان کو کم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔ ان کے مطابق، آئندہ مرحلے میں ٹریفک پولیس موبائل ایپ اور آن لائن درخواست کا نظام بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ مزید آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ ٹریفک نظم و ضبط میں بھی بہتری آئے گی، جبکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں، اور سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔