محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں اسموگ کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دھند بھی چھائی رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، خصوصاً سنسنیبل افراد کو ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی علاقوں خصوصاً مری اور گلیات میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں رات کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے، جہاں بعض مقامات پر درجہ حرارت نقطۂ انجماد کے قریب پہنچ سکتا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے مسافروں کو رات کے وقت سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے اور رات کے وقت درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہرِ قائد کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم شمال مشرقی سمت سے چلنے والی خشک ہواؤں کی رفتار کم ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث صبح اور شام کے وقت معمولی خنکی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے دوران کپڑوں اور سفر کے حوالے سے مناسب احتیاط کریں جبکہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں ڈرائیونگ کے دوران ہیڈلائٹس کا استعمال ضروری ہے۔