تیز ترین سینچری ،سمیر منہاس نے بھارتی کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

تیز ترین سینچری ،سمیر منہاس نے بھارتی کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

انڈر 19 ٹرائی سیریز کے فائنل میں پاکستان کے نوجوان بلے باز سمیر منہاس نے تاریخ رقم کر دی۔ زمبابوے کے خلاف فائنل میں انہوں نے صرف 42 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے بھارت کے ویبھو سوریا ونشی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

ہرارے میں کھیلے گئے اس فائنل مقابلے میں زمبابوے نے پاکستان کو 159 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے قومی انڈر 19 ٹیم نے شاندار بیٹنگ کے ذریعے 16.2 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

سمیر منہاس نے 51 گیندوں پر 114 رنز کی برق رفتار اور میچ وننگ اننگ کھیلی، جس میں 17 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ محمد شایان نے 38 رنز بنائے جبکہ عثمان خان 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سمیر منہاس کی یہ سنچری انڈر 19 کرکٹ کی تیز ترین سنچریوں میں سرفہرست آ گئی ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز بھارتی نوجوان بیٹر ویبھو سوریا ونشی کے پاس تھا، جنہوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، جبکہ 2025 میں انہوں نے یو اے ای کے خلاف 56 گیندوں پر بھی سنچری اسکور کی تھی۔

ریکارڈز کی اس فہرست میں پاکستان کے قاسم اکرم بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2022 میں سری لنکا کے خلاف 63 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، جبکہ آسٹریلیا کے جیڈن ڈریپر بھارت کے خلاف 65 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے نمایاں رہے ہیں۔

Related Articles