دو روز کی تیزی کے بعد سونے کی قیمت میں کمی ، چاندی مستحکم

دو روز کی تیزی کے بعد سونے کی قیمت میں کمی ، چاندی مستحکم

دو روز کی مسلسل تیزی کے بعد ملک میں سونے کی قیمتوں میں آج کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ چاندی کی قیمتیں بدستور مستحکم رہی ہیں۔

 آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات آج مقامی سطح پر بھی دیکھنے میں آئے، جس کے نتیجے میں سونا سستا ہو گیا۔

ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 1200 روپے کی کمی کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 66 ہزار 762 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 1028 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 173 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ صرافہ بازار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کا تعلق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی کمی اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سونا پھر تاریخی بلندی پر، فی تولہ قیمت جان کر ہوش اُڑ جائینگے

عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے، جہاں فی اونس سونا 12 ڈالر سستا ہو کر 4444 ڈالر پر آ گیا، ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، شرحِ سود سے متعلق توقعات اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ قیمتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں آج کوئی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ ملک بھر میں چاندی کی فی تولہ قیمت 8361 روپے پر برقرار ہے۔ صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ چاندی کی طلب اور رسد میں توازن کے باعث اس کی قیمت میں استحکام دیکھنے میں آ رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ دنوں میں سونے کی قیمت کا انحصار عالمی معاشی حالات، مرکزی بینکوں کی پالیسیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے رویے پر ہوگا۔

 ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں دباؤ برقرار رہا تو مقامی سطح پر بھی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے، تاہم طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے سونا بدستور ایک محفوظ ذریعہ سمجھا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles