ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای  سے متعلق رضا امیری مقدم کا اہم بیان جاری

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای  سے متعلق رضا امیری مقدم کا اہم بیان جاری

ایران نے اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر کے خلاف پھیلائی جانے والی جعلی اور من گھڑت خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک دشمن کی جانب سے شروع کی گئی تازہ ترین پروپیگنڈا مہم قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’قابلِ نفرت دشمن‘ کی پروپیگنڈا مشینری ایک بار پھر متحرک ہو چکی ہے جو جھوٹے اور بے بنیاد دعوے پھیلا رہی ہے۔ بیان میں ان الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ مہم دشمن کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی وزیر دفاع کی ایرانی سپریم لیڈر کو براہ راست نشانہ بنانے کی دھمکی

بیان کے مطابق یہ غلط معلومات پھیلانے کی کوشش اس لیے کی جا رہی ہے تاکہ حالیہ 12 روزہ جنگ میں میدانِ جنگ پر حاصل نہ ہونے والی کامیابیوں کی تلافی کی جا سکے، جہاں دشمن ایرانی افواج کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

ایرانی فوجیوں اور کمانڈرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے اپنی سرزمین پر جرات، عزم اور وقار کے ساتھ جارحیت کا مقابلہ کیا، وطن کا دفاع کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کا رتبہ پایا۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں، قوم، سیکیورٹی فورسز اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور قیادت کا فریضہ ثابت قدمی سے انجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا انجام بھی صدام جیسا ہو سکتا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع کی بڑھک

اسی تناظر میں پاکستانی میڈیا اداروں اور صحافیوں سے اپیل کی گئی کہ وہ صرف معتبر اور تصدیق شدہ ذرائع پر انحصار کریں اور خبروں کی اشاعت سے قبل مکمل تحقیق کریں، خاص طور پر ایسے ماحول میں جہاں ’ڈیجیٹل دہشت گردی‘، غلط معلومات اور اخلاقی بے ضابطگیاں عام ہوتی جا رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داری اور احتیاط پاکستانی صحافت اور میڈیا کے وقار اور ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

Related Articles