سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ، انڈیکس ایک لاکھ 89 ہزار پوائنٹس کی حد عبورکرگیا

سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ، انڈیکس ایک لاکھ 89 ہزار پوائنٹس کی حد عبورکرگیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے اور کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، آج (بدھ ) کے روز کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کے ابتدائی لمحات میں ہی مارکیٹ میں 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا ہنڈرڈ انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 89 ہزار 427 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا،  یہ سطح ملکی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اس تیزی کی بڑی وجوہات میں مثبت معاشی اشاریے، شرح سود سے متعلق توقعات، روپے کی قدر میں استحکام اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت شامل ہے، اس کے علاوہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے شعبوں میں خریداری کا رجحان بھی مارکیٹ کو سہارا دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 88 ہزار 621 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج کے کاروبار کے آغاز میں ہی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں خریداری کے باعث مجموعی مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معاشی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو محتاط حکمتِ عملی اپناتے ہوئے مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھنی چاہیے۔

سرمایہ کاروں میں بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے، جس کے مثبت اثرات اسٹاک مارکیٹ میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *