خیبرپختونخوا اور کشمیر میں موسمی صورتحال کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 24 جنوری تک ایک طاقتور مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
دریائے کابل اور معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے باعث فیڈرل فلڈ کمیشن نے سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ اور مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے بھی خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے مقامی انتظامیہ کو عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ، پنجاب، بلوچستان اورخیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹے کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے، مری اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ناران، کاغان اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام کو برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔