پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے،شہباز شریف

پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے،شہباز شریف

عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر پاکستان پویلین میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی اور معاشی استحکام کی درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور مشکل حالات سے نکل چکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک برآمدات کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرے اور پائیدار ترقی کی بنیاد مضبوط کی جائے۔

پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور مختلف خطوں میں قدرتی وسائل کی بدولت معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں معدنی ذخائر نے ترقی کے نئے دروازے کھول دیے ہیں، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ملکی معیشت کو بھی طویل المدتی فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور ریونیو اکٹھا کرنے کے نظام میں جامع اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ریونیو کلیکشن سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت بڑھے اور لیکیجز کا خاتمہ ممکن ہو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جو 22.5 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد تک آچکا ہے  جو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

یہ بھی وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیےسوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سماجی اشاریوں کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اور مسلسل کوششیں کر رہی ہے جبکہ نوجوانوں کو ترقی کے وسیع مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید علم اور ٹیکنالوجی کا حصول نوجوانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم موقع بھی ہے، جس سے فائدہ اٹھا کر پاکستان عالمی سطح پر مسابقتی بن سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور کرپٹو کے شعبوں میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آئی ٹی کی برآمدات میں حوصلہ افزا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور حکومت اس شعبے کی برآمدات کو مزید بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کامیابی سے مکمل کی گئی، جس کے دوران شفاف لین دین کو پوری قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ شہباز شریف نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اصلاحات، سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

editor

Related Articles