سوزوکی پاکستان نے ملک بھر میں اپنی سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کی نئی اسکیم متعارف کرا دی ہے جس کا بنیادی مقصد صارفین کو معیاری، محفوظ اور قابلِ اعتماد استعمال شدہ گاڑیاں فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام کے ذریعے ایسے خریداروں کو سہولت دی جائے گی جو نئی گاڑی خریدنے کے بجائے معیاری استعمال شدہ گاڑی کو ترجیح دیتے ہیں، مگر معیار اور اعتماد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔
سوزوکی پاکستان کے اس پروگرام کے تحت تمام استعمال شدہ گاڑیوں کا مکمل اور تفصیلی معائنہ کمپنی کے تربیت یافتہ اور ماہر انجینئرز انجام دیتے ہیں، اس جانچ پڑتال کے بعد ہی گاڑیوں کو سرٹیفکیشن دی جاتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سخت جانچ کے عمل کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر گاڑی مقررہ تکنیکی اور حفاظتی معیار پر پوری اترتی ہو تاکہ صارفین اعتماد کے ساتھ خریداری کر سکیں اور انہیں بعد از خرید کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
اس نئے اقدام کے تحت سوزوکی یوزڈ کار گالا کا انعقاد یکم فروری 2026 کو دو بڑے شہروں، ملتان اور لاہور میں کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں 100 سے زائد سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیاں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، جس سے صارفین کو ایک ہی مقام پر مختلف ماڈلز دیکھنے، ان کا موازنہ کرنے اور اپنی ضروریات کے مطابق انتخاب کرنے کا موقع ملے گا۔
سوزوکی کے سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کے پروگرام میں گاڑی خریدنے کا عمل تین واضح مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں صارفین گاڑیوں کے انتخاب اور ان کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں، دوسرے مرحلے میں معائنہ شدہ اور تصدیق شدہ گاڑیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، جبکہ آخری مرحلے میں خریدار کو مکمل خریداری کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ مرحلہ وار نظام صارفین کے لیے خریداری کے عمل کو آسان، شفاف اور محفوظ بناتا ہے۔
اس پروگرام کے تحت سرٹیفائیڈ گاڑیوں پر وارنٹی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ صارفین کے لیے ایکسچینج اور ٹریڈ اِن کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ سوزوکی کی کسٹمر سروس پالیسی کے مطابق صارفین نئی یا سرٹیفائیڈ استعمال شدہ سوزوکی گاڑیاں خرید سکتے ہیں، جن کے ساتھ ایک سال کی وارنٹی شامل ہوگی، جو خریدار کے اعتماد میں مزید اضافہ کرتی ہے۔
صارفین کی سہولت کے لیے سوزوکی پاکستان نے ایک آن لائن پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا ہے، جہاں صارفین suzukipakistan.com/certified-used-cars پر جا کر اپنے پسندیدہ شہر، گاڑی کے ماڈل اور قیمت کی حد کے مطابق سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام کے ذریعے سوزوکی پاکستان اپنے اس عزم کی تکمیل کر رہی ہے کہ پاکستانی صارفین کو ایسی استعمال شدہ گاڑیاں فراہم کی جائیں جو مکمل معائنہ، جانچ اور سرٹیفکیشن کے مراحل سے گزر چکی ہوں اور جن پر مکمل اعتماد کیا جا سکے۔