اسلام آباد ایئرپورٹ پر تمام ادائیگیاں اب ڈیجیٹل والٹ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کی جائیں گی، اس سلسلے میں ایئرپورٹ کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ ایئرلائن کاؤنٹرز، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹس میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے عملی جامہ پہنانے کے بعد یہ سنگ میل عبور ہوا ہے۔
آفتاب گیلانی نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شفافیت بھی یقینی ہوگی، جس سے مسافروں کے لیے سہولت میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر کیش لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان کے مطابق نئے نظام کے تحت صرف اسٹیٹ بینک سے منظور شدہ ڈیجیٹل سروس فراہم کنندگان ہی اپنی خدمات فراہم کر سکیں گے۔
تمام کاروباری ادارے اور کنسیشنرز کو لازمی طور پر لائسنس یافتہ ڈیجیٹل ادائیگی نظام اپنانا ہوگا،جو ادارے اس نظام پر عمل نہ کریں گے، ان کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
تاہم پی اے اے نے یہ بھی واضح کیا کہ مسافروں کے لیے نقد ادائیگی کا آپشن بدستور دستیاب رہے گا، لیکن ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ شفافیت، سہولت اور جدید مالیاتی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ اقدام ملک کے ہوائی اڈوں کو جدید مالیاتی نظام سے ہم آہنگ کرنے اور مسافروں کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف ادائیگی کا عمل آسان ہوگا بلکہ ہر لین دین کی شفاف ریکارڈنگ بھی ممکن ہو گی جو ایئرپورٹ کے انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنائے گی۔