سرکاری اکاؤنٹس سے ذاتی اکاؤنٹس تک کروڑوں کی منتقلی، محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کے ڈویژنل اکاؤنٹنٹ کے خلاف انکوائری شروع

سرکاری اکاؤنٹس سے ذاتی اکاؤنٹس تک کروڑوں کی منتقلی، محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کے ڈویژنل اکاؤنٹنٹ کے خلاف انکوائری شروع

خیبرپختونخوا کے محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات، ضلع سوات کے ڈویژنل اکاؤنٹنٹ نے کروڑوں روپے سرکاری خزانے سے نکال کر اپنے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کیے، جبکہ خودساختہ طور پر اپنی تنخواہ میں بھی غیر قانونی طور پر اضافہ کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کے ڈویژنل اکاؤنٹنٹ کے خلاف کروڑوں روپے کی خرد برد کرنے پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ خزانہ نے اس فراڈ کا سراغ لگا کر متعلقہ افسر سمیت دیگر ملوث ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کردی۔

موجود دستاویزات کے مطابق محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے سوات میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے مالی معاملات کی چھان بین کے دوران بڑے پیمانے پر خردبرد کا انکشاف کیا۔ سکروٹنی کے دوران ڈویژنل اکاؤنٹنٹ سلمان نے 2019 سے 2026 کے دوران سرکاری چیکس میں ردوبدل کر کے 6 کروڑ 66 لاکھ روپے غیر قانونی طور پر نکلوائے۔

مزید جانچ میں یہ بھی معلوم ہوا کہ صوبائی خزانے سے 9 کروڑ 23 لاکھ 14 ہزار 627 روپے کی اضافی غیر مجاز منتقلی بھی اس کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں کی گئی، جس کے بعد مجموعی بے ضابطگیوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔

اکاؤنٹنٹ سلمان نے نہ صرف چیکس کی کلیئرنس سے قبل اعداد و الفاظ میں تبدیلی کر کے رقوم بڑھائیں بلکہ تنخواہوں کے ریکارڈ میں بھی ردوبدل کر کے اپنی ماہانہ تنخواہ میں غیر قانونی اضافہ کیا اور اضافی ادائیگیاں اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرواتا رہا۔

یہ چیکس بعد ازاں نیشنل بینک آف پاکستان کی سیدو شریف برانچ سے کلیئر کروائے جاتے تھے۔ محکمہ خزانہ نے پہلے مرحلے میں 93 لاکھ روپے ریکور کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دئیے تاہم محکمہ خزانہ کے مطابق مزید ریکوری، فرانزک آڈٹ اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

محکمہ خزانہ نے محکمہ جنگلات کو ارسال کردہ مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹنٹ سلمان اور دیگر ممکنہ ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر کے ایف آئی آر درج کی جائے۔ ساتھ ہی محکمانہ کارروائی مکمل کرنے اور اکاؤنٹنٹ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *