حکومت پاکستان کی جانب سے غریب اور مستحق خاندانوں کی معاونت کے لیے شروع کیے گئے خصوصی فلاحی پروگرام وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت شہریوں کو قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے اپنی اہلیت کی تصدیق کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ نظام مکمل طور پر محفوظ، شفاف اور آسان رسائی پر مبنی ہے تاکہ مستحق افراد بغیر کسی الجھن کے سرکاری امداد حاصل کر سکیں[اس منصوبے کے تحت شہری ویب سائٹ pmrrp.pk پر جا کر آفیشل معلومات تک رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ اہلیت چیک کرنے کے لیے سرکاری پورٹل pmrrp.nitb.gov.pk بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نظام کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ شہری اپنا تیرہ ہندسوں پر مشتمل قومی شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے درج کر کے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں اور پھر اپنی اہلیت کی حیثیت کا جواب موصول ہونے کا انتظار کریں گے۔
حکومتی پروگرام میں براہ راست مالی امداد کی فراہمی، بعض منتخب علاقوں میں سبسڈی والی ضروری اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قومی شناختی کارڈ پر مبنی تصدیقی نظام شامل ہے ،حکومت مستحق خاندانوں کی نشاندہی کے لیے تصدیق شدہ قومی سماجی و اقتصادی ڈیٹا بیس کا استعمال کر رہی ہے تاکہ امداد کی تقسیم میں کسی قسم کی نقل یا بدعنوانی کے امکانات ختم کیے جا سکیں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق کم آمدنی والے گھرانے، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد، بیوہ خواتین، معذور افراد اور پہلے سے قومی فلاحی ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ خاندان اس پروگرام میں ترجیحی بنیادوں پر شامل ہو سکتے ہیں،حتمی منظوری سرکاری پورٹل پر ہونے والی ڈیجیٹل تصدیق کے بعد دی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ درخواست دینے کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی اور نہ ہی کسی ایجنٹ یا نجی ادارے کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہےشہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر نہ کریں اور صرف سرکاری ویب سائٹس ہی استعمال کریں ،مزید یہ کہ غیر سرکاری ذرائع، جعلی سوشل میڈیا لنکس اور غیر مجاز رجسٹریشن سروسز سے بچنے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔